اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فری لانسرز کیلئے ٹیکس ختم کرنے سمیت آئی ٹی کے شعبے کیلئے تاریخی پیکج کی منظوری دے دی ہے، روس کے دورہ پر روانگی سے قبل وزیراعظم نے اجلاس میں اس پیکج کی منظوری دی ، جس میں آئی ٹی کے شعبے کی طرف سے پیش کردہ تمام تجاویز منظور کرلی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آئی ٹی کے شعبے کیلئے تاریخی پیکج کی منظوری دے دی ہے۔پیکج کے تحت آئی ٹی کمپنیاں، فری لانسرز، اسٹارٹ اپس کو اپنے اکاؤنٹس میں لین دین کی آزادی حاصل ہوگی. پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ سے رجسٹرڈ تمام آئی ٹی کمپنیوں،فری لانسرز، اسٹارٹ اپس کو ٹیکس سےمکمل چھوٹ دے دی گئی ہے، اس کے علاوہ فری لانسرز سمیت آئی ٹی کمپنیاں اپنا کمایا گیا زرمبادلہ فارن کرنسی میں رکھنے میں آزاد ہوں گی، انہیں فارن کرنسی روپے میں تبدیل کرانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا، اس کے ساتھ ہی فری لانسرز کے فارن کرنسی اکاوئنٹ کھولنے کا عمل آسان بنادیا گیا ہے۔
پیکج کے تحت فارن کرنسی اکاوئنٹ سے رقوم باہر منتقل کرنے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہوگی، وزیراعظم نے اجلاس میں موجود گورنر اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ وہ فری لانسرز اور آئی ٹی کمپنیوں کی مالی ضروریات مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لئے سستے قرضوں کی اسکیم بھی تیار کریں، اس کے ساتھ ’’پاکستان ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس‘‘ فنڈ قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت حکومت اور نجی شعبہ مشترکہ طور پر وینچر فنڈ قائم کریں گے۔