پیسے پاکستان بھیجنے ہیں تو جلدی کرلیں، ریٹ گرنے والا ہے

0

کراچی: یورو، ڈالر، پاؤنڈ، درہم و ریال پاکستان بھیجنے ہیں تو جلدی بھیج دیں، پھر نہ کہنا خبر نہ ہوئی، چند ماہ سے دباؤ کا شکار پاکستانی روپے کی قدر بڑھنے لگی، یورو، ڈالر سمیت غیرملکی کرنسیوں کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان، وزیر خزانہ شوکت ترین نے بھی تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق تجارتی خسارہ کم ہونے اور آئی ایم ایف سے 1 ارب 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر قرض ملنے کے بعد دباؤ کا شکار روپیہ مستحکم ہونے لگا ہے، جبکہ چین سے بھی سرمایہ کاری اور پیسے ملنے کی خبریں سامنے آرہی ہیں، جس کے باعث روپے کی قدر میں اضافہ ہورہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر 170 تک آسکتا ہے جبکہ یورو کی قیمت کم ہوکر 190 کے قریب آنے کا امکان ہے۔ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک بوستان نے بھی ڈالر کی قدر کم ہونے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں ڈالر کی خریداری بہت کم ہورہی ہے۔ اور ہمیں ڈالر بینکوں کے پاس جمع کرانے پڑ رہے ہیں۔ ڈالر کے خریدار غائب ہونے سے روپیہ مضبوط ہورہا ہے۔ اور دیگر کرنسیوں کی قدر بھی روپے کے مقابلے میں کم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر خریداری کم ہونے کی وجہ حکومت کی جانب سے خریداروں کا ڈیٹا حاصل کرنا بھی ہے۔ جسے ایف آئی اے دیکھ رہی ہے۔

اس حوالے سے وزیر خزانہ شوکت ترین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ روز پاکستان کو آئی ایم ایف سے قرضہ موصول ہوگیاہے، آئی ایم ایف پروگرام کے بعد روپے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوگا، اور روپیہ مزید مستحکم ہوگا۔

وزیر خزانہ نے سٹے بازوں اور ذخیرہ اندوزوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈالر، یورو سمت دیگر غیرملکی کرنسی فروخت کردیں، روپے کی قدر میں مزید اضافہ ہوگا، سٹے باز اور ذخیرہ اندوز “اپنے روپے” پر یقین رکھیں۔ دوسری جانب دورے کے حوالے سے وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین انتہائی کامیاب جا رہاہے، چین کے صدر اور وزیراعظم سے معاشی، تجارتی تعاون پر بات ہوگی۔

خیال رہے کہ ڈالر کی قیمت دو ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، گزشتہ روز ڈالر کی قدر میں 1 روپے 4 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب یورو کی قیمت میں ایک روپے 69 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد یورو کی قیمت 201  روپے 19 پیسے سے کم ہو کر 199 روپے 50  پیسے ہوگئی ہے۔ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت میں گزشتہ روز کے مقابلے میں 3 روپے سے زائد کی کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 239 روپے سے کم ہو کر 235 روپے 91 پیسے ریکارڈ کی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.