اطالوی شہری کا خزانے کی تلاش میں خفیہ سفر، انجام کیا ہوا؟

0

روم: پرانے زمانے میں بینک تو ہوتے نہیں تھے، سو لوگ جنگلوں اور غاروں میں خزانہ چھپاتے تھے، دوسری طرف کچھ لوگ دوسروں کے چھپائے ہوئے خزانہ کی تلاش میں بھی رہتے تھے، اب زمانہ جدید ہوگیا ہے، لیکن اب بھی کوئی نہ کوئی سر پھرا خزانہ کی تلاش میں نکل پڑتا ہے۔

ایسا ہی معاملہ ایک اطالوی شہری کا ہوا ہے، جسے کئی ماہ کی تلاش میں خزانہ تو نہیں ملا، البتہ ایسی صورت حال ملی ہے کہ جس سے اس کا اپنا خزانہ بھی کم ہوسکتا ہے، تفصیلات کے مطابق اطالوی علاقے امبریا(Umbria) سے تعلق رکھنے والا 45 سالہ بزنس مین ڈیوڈ پکورلی کاروبار سے پیسے کمانے کے بجائے جنوری میں خزانے کی تلاش میں نکل پڑا، اس کے ذہن میں نہ جانے کیسے یہ بات تھی کہ اٹلی کے جزیرہ Montecristo میں خزانہ موجود ہے، جس کے اس نے نقشے بھی بنالئے تھے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نے اپنی ساتھی سمیت کسی کو اس مہم کے بارے میں بھی نہیں بتایا، چناچہ اس کے اچانک غائب ہونے پر اس کی ساتھی نے پولیس سے بھی رابطہ کیا، جس پر Perugia کے پراسیکیوشن آفس نے تحقیقات بھی شروع کی۔

یہ بھی پڑھیں: یورپی ملک میں دوستوں کو جنگل سے خزانہ مل گیا

اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق خزانے کی تلاش کے سفر میں اطالوی بزنس مین جنوری میں البانیہ پہنچا، جہاں سے وہ غائب ہوگیا، اس نے کرائے پر جو کار حاصل کی تھی، وہ بعد میں جلی ہوئی حالت میں مل گئی، جس میں اس اطالوی بزنس مین کے زیر استعمال کچھ اشیا اور کچھ ہڈیاں بھی تھیں۔

ایسا لگتا ہے کہ ڈیوڈ پکورلی یہ تاثر دینا چاہتا تھا کہ دنیا اسے مردہ سمجھے، تاہم حکام نے جلنے والی گاڑی سے ملنے والی چند ہڈیوں کے بارے میں کبھی یہ خیال نہیں کیا کہ یہ ڈیوڈ پکورلی کی ہوسکتی ہیں، اور ان کی نظر میں وہ لاپتہ ہی تھا، البانیہ سے وہ خاموشی سے کشتی کے ذریعہ خزانہ کی تلاش میں اطالوی جزیرہ پہنچ گیا، تاہم اب خزانے کی تلاش میں ناکام ہونے پر وہ سامنے آگیا ہے، اس کے سامان سے اطالوی حکام کو خزانہ کی تلاش میں استعمال ہونے والے چھوٹے اوزار اور نقشے ملے ہیں۔

اس کا کہنا ہے کہ کشتی ناکارہ ہونے سے اس کی مہم ناکام ہوئی، دوسری طرف اب Perugia کے پراسیکیوشن آفس نے اس سارے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے، اور البانیہ سے بھی رابطہ کیا ہے کہ اس ناکام مہم جو نے وہاں کسی قانون کو تو نہیں توڑا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.