جرمنی میں نفسیاتی مریض تارک وطن کے حملہ کا افسوسناک واقعہ، اٹلی میں بھی دو گرفتار

0

برلن۔ جرمنی میں ایک افسوسناک واقعہ میں چاقو بردار نے حملہ کرکے 3افراد کی جانیں لے لیں، پولیس نے زخمی حالت میں ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، دوسری طرف اٹلی میں بھی دو الگ الگ واقعات میں 2 ملزم چاقو زنی سے منسلک واقعات میں گرفتار کرلئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی کی ریاست بویریا کے شہر ورزبرگ میں ایک چاقو بردار نے شہر کے وسط میں حملہ کرکے تین افراد کی جانیں لے لی ہیں، جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے ہیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیو ز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آور ایک بڑا چاقو لہرا رہا ہے، اور پکڑنے و گھیرنے کی کوشش کرنے والے شہریوں پر بھی حملہ کی کوشش کرتا ہے، بعدازاں پولیس نے موقع پرپہنچ کر 24 سالہ چاقو بردار کو ٹانگ میں گولی مار کر گرفتار کرلیا ، حملہ آور صومالی تارک وطن ہے،اور اسےدماغی مسائل کا سامنا ہے، حکام کے مطابق ملزم حال ہی میں اسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں بھی زیر علاج رہا ہے، شہریوں سے کہا گیا ہے کہ انہیں کوئی خطرہ نہیں،کیوں کہ ملزم تنہا تھا، اور اس کے ساتھ کوئی اور ملوث نہیں ہے۔

اٹلی میں واقعات

اٹلی میں بھی دو واقعات پیش آئے ہیں، تاہم دونوں میں خوش قسمتی سے کوئی بڑ ا نقصان نہیں ہوا، فلورنس میں بس میں سفر کے دوران ایک مصری تارک وطن جس کی عمر 31 سال بتائی گئی ہے، ماسک نہیں پہنا ہوا تھا، جب اسے قریب بیٹھے دو مسافروں نے ماسک لگانے کو کہا تو وہ مشتعل ہوگیا، اور چاقو کے وار سے اریٹریا سے تعلق رکھنے والے ایک 52 سالہ تارک وطن اور ایک اطالوی خاتون کو معمولی زخمی کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوسرے واقعہ میں ایک 46 سالہ فرانسیسی شہری نے چاقو لہرایا اور راہ گیروں کو اس سے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی، اس دوران ریستوران میں بیٹھی ایک خاتون کے چہرے کے قریب بھی چاقو لہرایا اور اسے قتل کی دھمکیاں دیں، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.