بڑی عید سے قبل اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری، پروازیں بحال

0

اسلام آباد: اٹلی سمیت یورپی ممالک برطانیہ، کینیڈا، ملائیشیا اور چین میں مقیم پاکستانیوں کے لئے بڑی عید سے قبل بڑی خوش خبری آگئی، دنیا کے مختلف خطوں میں کرونا کی صورتحال میں مجموعی بہتری کے پیش نظر پاکستان نے بین الاقوامی پروازوں کو مرحلہ وار معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپ میں چھٹیوں کا سیزن شروع ہونے اور عید قریب آنے پر اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد پاکستان آنے کی تیاری کر رہی تھی ۔تاہم کرونا کی صورت حال اور بعض ممالک کی جانب سے لگائی گئی یکطرفہ اور امتیازی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان نے بھی ان ممالک سے آنے والی پروازوں میں 80 فیصد کمی کردی تھی۔ لیکن اس پابندی سے اوورسیز پاکستانی متاثر ہورہے تھے، اور انہیں وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا تھا۔ جس پر حکومت نے اب برطانیہ، کینیڈا، یورپ، چین اور ملائیشیا سے براہ راست پروازوں میں 40 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ تاکہ اوورسیز پاکستانی عید منانے اپنے پیاروں کے پاس آسانی سے آسکیں۔

نیشنل کمانڈر اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے بین الاقوامی ہوائی سفر کی پالیسی پر نظرثانی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف خطوں میں کرونا کی صورتحال میں مجموعی بہتری کے پیش نظر پاکستان نے بین الاقوامی پروازوں کو مرحلہ وار معمول پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں این سی او سی نے پاکستان آنے والے کرونا منفی مسافروں کے لیے گھروں میں قرنطینہ کی شرط بھی ختم کردی ہے۔

البتہ ائیر پورٹ پر ٹیسٹنگ جاری رہے گی اورمتاثر نکلنے والےمسافروں کے لیے قرنطینہ لازمی ہوگا۔ واضح رہے کہ مسافروں کی اسکیننگ کے لئےتربیت یافتہ کتوں کا استعمال کیا جارہا ہے ۔برطانیہ، کینیڈا، یورپ، چین، ملائیشیا سے براہ راست پروازوں میں 40فیصد اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.