کویت سے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری

0

کویت سٹی:  کویت سے پاکستانیوں کیلئے خوشخبری، حکومتی کوششیں رنگ لے آئی، پاکستانی شہریوں کے لیے 2011 سے بند کویتی ویزے کی بحالی پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، اور وزیر اعظم عمران خان اور حکومتی کی جاری مسلسل کاشوں کے نتیجے میں کویتی حکومت نے گیارہ سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کردیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کویت نے گزشتہ 11 برسوں سے پاکستانی افرادی قوت پر پابندی لگا رکھی تھی، جس کی وجہ اس وقت وہ افغان شہری بنے تھے، جنہوں نے لالچی پاکستانی حکام کی مدد سے جعلی دستاویزات بنا کر کویت کے ویزے حاصل کئے تھے، اور ان ویزوں کو وہ اسمگلنگ کیلئے استعمال کرتے ہوئے پکڑے جاتے رہے۔ کویت کی طرف سے اس پابندی کے خاتمے کیلئے ماضی میں کسی حکومت نے کوشش نہ کی، تاہم موجودہ حکومت نے اپنے قیام کے بعد سے پابندی کے خاتمے کیلئے کوششیں شروع کردی تھیں۔ اس سلسلے میں اب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کویت کا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات کی، جس میں کویت کے وزیرداخلہ اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے، ملاقات میں پاکستان و کویت تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیراعظم  سے پاکستانیوں کیلئے ویزے کی بحالی پر بات چیت کی اور انہیں وزیراعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔ جس کے بعد کویت نے پاکستانی شہریوں کے لیے 2011 سے بند فیملی اور بزنس ویزے فوری بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پاکستانی ورکرز کو بھی معاہدے کے مطابق کویتی ویزے جاری کیے جائیں گے۔

اس موقع پر کویتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی اب آن لائن ویزا لے کر کویت آسکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں، اور دونوں ملکوں کی عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان انتہائی دیرینہ تعلقات ہیں، باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے، تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔ ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، اور کاروباری ویزے  بحال ہونے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.