اٹلی میں تارکین کے بچوں کو شہریت دینے پر اہم پیشرفت

0

روم: اٹلی میں پاکستانیوں سمیت تارکین وطن کے بچوں کو پیدائش پر شہریت دینے کے معاملہ پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، اور اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ادارے یونیسیف نے اس حوالے سے اطالوی حکومت اور سیاسی رہنماؤں سے بڑا مطالبہ کیا ہے، اٹلی میں جو بھی پیدا ہو ، اسے اطالوی شہری تسلیم کیا جانا چاہئے۔

یونیسیف کا کہنا ہے کہ بچوں کے حقوق سے متعلق عالمی کنونشن پر اٹلی نے30 برس قبل دستخط کئے تھے، اور اٹلی نے بچوں کے حقوق کے لئے بہت کام بھی کیا ہے، لیکن ابھی بہت سا کام باقی ہے، اٹلی میں یونیسیف کی نمائندہ Andrea Iacomini نے اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں سب سے اہم معاملہ تارکین وطن کے بچوں کو اطالوی شہریت دینا ہے، اور یہ شہریت اٹلی میں پیدا ہوتے ساتھ ہی انہیں مل جانی چاہئے، اس سے قطع نظر کے ان کے والدین کس ملک کے شہری ہیں، اٹلی میں پیدا بچے کو اطالوی شہریت دینی چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اطالوی رہنما اس معاملے پر پرسکون انداز سے بیٹھ کر بات چیت کریں، اور مثبت فیصلہ کیا جائے۔

اٹلی میں تارکین نواز جماعتیں پہلے ہی اٹلی میں پیدا ہونے والے تارکین کے بچوں کو پیدائشی شہریت دینے کا مطالبہ کرتی آرہی ہیں، لیکن دائیں بازو کی جماعتیں بالخصوص لیگا پارٹی کے ماتیو سالوینی اس کے مخالف ہیں، تاہم یونیسیف کی نمائندہ کا کہنا تھا انہیں امید ہے کہ اطالوی رہنما ٹھنڈے دل کے ساتھ اس پر آپس میں بات کریں گے، اور ہمیں یہ تحفہ دیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ ان 10 لاکھ بچوں کا معاملہ ہے، جو تارک وطن جوڑوں کے ہاں پیدا ہوئے ہیں، یہ بچے اٹلی میں ہی رہتے ہیں، یہیں پڑھتے ہیں، اور ہمارے کلچر کا حصہ ہیں، انہیں جلدی شہریت دینی چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.