پی آئی اے کو برطانیہ کیلئے مزید پروازوں کی اجازت مل گئی

0

کراچی: برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو اچانک ریڈ لسٹ میں شامل کیے جانے کے بعد پاکستان آئے ہزاروں برطانوی شہری اور فیملی ویزا ہولڈر پھنس گئے ہیں، اور شہری 9 اپریل کی ڈیڈ لائن سے قبل واپس جانے کیلئے کوشاں ہیں، اور رش کے باعث شہریوں کو واپسی کی بکنگ میں بھی مشکلات درپیش آرہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے پاکستان میں کرونا کیسز پڑھنے پر اسے ریڈ لسٹ میں شامل کرلیا ہے، ریڈ کیٹگری میں جانے کی وجہ سے 9 اپریل کے بعد پاکستان سے کوئی غیر برطانوی شہری برطانیہ روانہ نہیں ہوسکے گا جبکہ برطانوی شہریوں اور فیملی ویزے پر برطانیہ سے آئے ہوئے افراد واپس تو جاسکیں گے لیکن انہیں برطانیہ واپسی پر ہوٹل میں دس روز کا قرنطینہ کرنا ہوگا جس پر فی فرد 2 ہزار پاؤنڈ تک خرچہ ہوگا۔ قرنطینہ اور اس کے اخراجات سے بچنے کیلئے پاکستان آئے ہوئے ہزاروں پاکستانی نژاد برطانوی شہری اور فیملی ویزے والے افراد 9 اپریل سے پہلے واپس جانے کیلئے کوشاں ہیں۔

خیال رہے کہ یو اے ای اور قطر کے ریڈ لسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے ایمریٹس اور قطر ائیر ویز کی پروازوں  پر پہلے ہی پابندی عائد ہے جس کے باعث پی آئی اے اور دیگر ائیرلائنز پر بوجھ بڑھ گیا ہے، اور کچھ ائیرلائنز نے ان حالات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرائے میں کئی گناہ اضافہ کردیا ہے، جبکہ پی آئی اے حکام نے بھی برطانیہ سے پانچ اضافی پروازوں کی اجازت طلب کی تھی، تاہم ریڈ لیسٹ میں شامل ہونے کی وجہ سے برطانیہ نے پی آئی اے کو صرف دو اضافی پروازوں کی اجازت دی ہے۔

جس میں سے پہلی اضافی پرواز 7 اپریل کو رات ڈھائی بجے اسلام آباد سے مانچسٹر روانہ ہوگی، پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تمام ایسے مسافر جو ابھی تک ٹکٹوں کا حصول نہیں کرسکے فوری طور پر پی آئی اے دفاتر سے رجوع کریں، سی ای او پی آئی اے کی خصوصی ہدایات پر لوگوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے بکنگ دفاتر آج رات 10 بجے تک کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے برطانیہ کے ٹکٹ 4 لاکھ تک پہنچ گئے، سستے ٹکٹ کیلئے پی آئی اے کا اہم اعلان

شہری بکنگ کیلئے صبح پانچ بجے ہی اسلام آباد پی آئی اے آفس پر پہنچ گئے تھے، بکنگ کیلئے پی آئی اے آفس کے باہر موجود برطانوی شہریوں نے احساس نیوز سے گفتگو میں لندن حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کو ریڈ لسٹ میں ڈالنے کا فیصلہ واپس لے اور فوری طور پر 9 اپریل کی ڈیڈلائن میں توسیع کرے۔ تاکہ وہ سکون کے ساتھ واپس جاسکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.