یورپی شہریوں کو واپس بھیجنے کیلئے برطانیہ نے پیکج دیدیا

0

لندن: بریگزٹ کے بعد برطانیہ میں رہنے والے یورپی شہریوں کو بھی واپس جانے پر پیکج  دیا جائے گا، پیکج دینے کا مقصد یورپی شہریوں کی برطانیہ سے رضاکارانہ واپسی کی حوصلہ افزائی ہوسکتا ہے، دوسری طرف برطانیہ میں مقیم  یورپی شہریوں کی غلطی انہیں وہاں غیرقانونی بھی بناسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں رہنے والے یورپی شہری بھی بریگزٹ کے بعد یکم جنوری سے اس پیکج میں شامل ہوگئے ہیں، جس کے تحت برطانوی حکومت ملک سے رضاکارانہ واپسی کی حوصلہ افزائی کرتی ہے، اور واپس جانے والوں کو 2 ہزار پاؤنڈ اور فضائی ٹکٹ دئیے جاتے ہیں، برطانوی اخبار گارجین کےمطابق یہ اسکیم  دیگر ممالک کے شہریوں کے لئے پہلے سے موجود تھی، جس میں اب یورپی ممالک کے شہری بھی شامل کرلئے گئے ہیں، حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کچھ یورپی شہری اب برطانیہ چھوڑناچاہتے ہوں، ایسے یورپی شہری اس اسکیم سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

تاہم جو یورپی شہری برطانیہ میں قیام جاری رکھنا چاہتے ہیں، انہیں 30 جون تک یورپی یونین سیٹلمنٹ اسکیم  کے لئے اپلائی کرنا ہوگا، اس کے بغیر انہیں برطانیہ میں غیرقانونی تصور کیا جائے گا۔ اس دوران کچھ حلقے یہ خدشہ بھی ظاہر کررہے ہیں کہ معلومات نہ ہونے سمیت دیگر مسائل کے باعث ہزاروں یورپی شہری سیٹلمنٹ اسکیم میں بروقت اپلائی کرنے سے محروم رہ سکتے ہیں، تاہم برطانوی وزیر امیگریشن کیون فوسٹر اس تاثر کو مسترد کرتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اب تک 49 لاکھ لوگ سیٹلمنٹ اسکیم کے لئے درخواست دے چکے ہیں، جو اس کی کامیابی کی علامت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.