اسلام آباد: چائنہ سے ویکسین پاکستان آنے کیلئے تیار، کورونا ویکسین لانے کے لئے پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ چین پہنچ گیا ہے، آئی ایل 78 خصوصی طیارہ کورونا ویکسین لانے کے لیے نور خان ایئر بیس سے چین کے دارالحکومت بیجنگ کے لیے روانہ ہوا، پہلی کھیپ میں کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں لائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہ اسد عمر نے جو کہا وہ سچ کر دکھایا، چائنہ سے ویکسین پاکستان آنے کیلئے تیار، پاکستان ائیر فورس کا خصوصی طیارہ بیجنگ انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر اُتر چکا ہے، جس کے بعد طیارے میں ویکسین کی لوڈنگ کا عمل جاری ہے۔ چین سے کورونا ویکسین ڈرائے آئس سے بھرے خصوصی کولڈ باکسز میں پاکستان لائی جارہی ہے دوسری جانب اسلام آباد میں ویکسین کے ذخیرے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر لیے گئے ہیں۔ صوبوں کو ویکسین کی منتقلی کے حوالے سے بھی تمام انتظامات مکمل ہیں، این سی او سی میں ویکسین نرو سینٹر جب کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین کوارڈینیشن اینڈ ایڈمنسٹریشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
پہلی پانچ لاکھ خوراکیں چینی وزیر اعظم کی جانب سے پاکستان کو عطیہ کی گئی ہیں، جو اسپتالوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں اور طبی و غیر طبی عملے کو لگائی جائیں گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں دنیا بھر کے مقابلے میں کرونا کیسز کی تعداد بہت کم ہے اور حالیہ دنوں میں اس میں مزید کمی واقع ہوئی ہے اور یومیہ کیسز کم ہوگر 1500 پر آگئی ہے، جبکہ اموات بھی 30 ہوگئی ہیں۔ دوسری جانب پاکستان سے چھوٹے اور کم آبادی والے ممالک میں کرونا کیسز کی شرح بہت زیادہ ہے۔