فرانس نے شہریوں کو روک دیا
پیرس: فرانس نے کرونا کے کیس بڑھنے پر ایک بار پھر سخت اقدامات کا اعلان کردیا، پاکستانیوں سمیت فرانس میں مقیم غیر ملکیوں کو بھی بڑی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا، فرانس میں پہلے سے ہی جاری رات کے کرفیو پر اب مزید سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرانس میں کرونا کے کیس مسلسل بڑھنے پر حکومت نے جمعہ کی شپ نئی پابندیوں کو اعلان کیا ہے، فرانس میں رات کا کرفیو پہلے ہی جاری ہے، جس پر اب مزید سختی سے عمل درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ نئی پابندیوں میں سب سے اہم پابندی یہ ہے کہ یورپی یونین سے باہر کی دنیا کے ساتھ سفر پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، اس پابندی پر اتوار سے عمل شروع ہوگا، اس پابندی کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت فرانس میں مقیم غیر ملکی متاثر ہوں گے، اور وہ اپنے آبائی ممالک کا سفر نہیں کرسکیں گے۔
فرانس آنے والے یورپی شہریوں کے لئے بھی پیشگی کرونا ٹیسٹ لازمی ہوگا، اس کے ساتھ کھانے پینے کی اشیا کے علاوہ 20 ہزار اسکوائر فٹ سے بڑے تمام اسٹور بند کردئیے جائیں گے، پولیس کو غیرقانونی طور پر کھلنے والے ریستورانز کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔