اٹلی میں نئی حکومت کیلئے صدر کی مشاورت مکمل

0

روم: اٹلی میں سیاسی بحران ختم ہونے اور نئی حکومت بننے کی راہ ہمورا ہوگئی، صدر نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت  کا عمل مکمل کرلیا، ایک دو روز میں نئی حکومت کے لئے دعوت دئیے جانے کا امکان۔ صدر نے اسپیکر رابرٹ فیکو کو اس حوالے سے اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویوا پارٹی کی جانب سے وزیراعظم جوسپے کونتے کی حمایت واپس لینے کے بعد اٹلی میں شروع ہونے والا سیاسی بحران اب ختم ہونے کا امکان ہے، صدر سرجیو مترالے سے سیاسی جماعتوں کے ساتھ تین روزہ مشاورتی عمل  جمعہ کو مکمل کرلیا ہے، آخر میں انہوں فائیو اسٹار موومنٹ کے قائدین سے ملاقات کی، سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں میں صدر نے سیاسی قائدین سے نئے وزیراعظم کے بارے میں رائے لی ہے، اس مشاورتی عمل میں مستعفی وزیراعظم جوسپے کونتے کی واپسی کی راہ ہموار ہوتی نظر آرہی ہے، کیوں کہ پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ، پی ڈی اور بائیں بازو کی چھوٹی جماعت لیو گروپ نے ایک بار پھر اپنی حمایت جوسپے کونتے کے پلڑے میں ڈال دی ہے، اور صدر کو بتایا ہے کہ انہیں کونتے کے علاوہ کوئی اور رہنما وزیراعظم کے طور پر قبول نہیں ہوگا۔

اس دوران 10 سینیٹروں کا ایک گروپ بھی جوسپے کونتے کے حق میں سامنے آگیا ہے، تاہم سب سے اہم پیشرفت یہ ہوئی ہے کہ حکومتی اتحادسے الگ ہونے والے ویوا پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم میتیو رینزی بھی نئے الیکشن کا راستہ روکنے کے لئے واپس جوسپے کونتے کی حمایت پر تیار ہوگئے ہیں۔

اس سے پہلے فائیو اسٹار موومنٹ اور پی ڈی نے رینزی کو دوبارہ اتحاد میں شامل کرنے کی مخالفت کی تھی، تاہم سیاسی بحران کے خاتمے کے لئے اب دونوں جماعتوں نے رینزی کی واپسی کےلئے موقف نرم کرلیا ہے، اور توقع ہے کہ رینزی کی ویوا پارٹی بھی نئی حکومت میں پھر شامل ہوگی، جس کے وزیراعظم جوسپے کونتے ہی ہوں گے، واضح رہے کہ رینزی کی جماعت کو بحران پیدا کرنے پر عوامی ردعمل کا سامنا ہے، اور نئے الیکشن کی صورت میں ان کا پارلیمنٹ سے صفایا ہوسکتا ہے، اسے دیکھتے ہوئے میتیو رینزی بھی جوسپے کونتے کی حمایت بحال کرنے پر تیار نظر آتے ہیں.

انہوں نے جمعرات کو صدر سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ فائیو اسٹار موومنٹ اور پی ڈی کو دوبارہ اتحاد کے لئے کوئی اشارہ دینا چاہئے، اور انہیں یہ اشارہ فائیواسٹار کے سربراہ کی طرف سے جمعہ کو مل گیا، جب انہوں نے رینزی کا نام لئے بغیر کہا کہ سیاستدانوں کو یہ بحران جلد حل کرنا ہوگا، ان کے اس بیان کے بعد رینزی کی جماعت کے رہنما Ettore Rosato نے کہا کہ ہم یہی سننا چاہتے تھے، اور یہ اچھا اشارہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.