میرپور: آزاد کشمیر کے شہر میر پور سے پاکستانی نژاد برطانوی خاتون لاپتہ، کئی روز گزر جانے کے بعد بھی پولیس خاتون کو تلاش نہ کرسکی، خاتون کے شوہر کا پولیس پر کارروائی نہ کرنے کا الزام، دوسری جانب خاتون کی گاڑی ویران جگہ سے مل گئی، جس میں خون بھی پایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 58 سالہ پاکستانی نژاد برطانوی خاتون زاہدہ پروین بھانجے کے ہمراہ 15 فروری کو اپنی رقم واپس لینے آزاد کشمیر کے علاقے ڈھڈیال گئی، جس کے بعد دونوں لاپتہ ہوگئے۔ کئی روز گزر جانے کے بعد بھی پولیس کوئی سراغ نہ لگاسکی۔ پولیس کے مطابق خاتون کی گاڑی میرپور کی حدود میں تھانہ اسلام گڑھ میں ویران جگہ سے ملی گئی ہے، جس میں خون بھی موجود ہے۔
خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ان کی بیوی نے کاروبار کے لیے عنصر بلا، عرفان اور رزاق نامی افراد کو 24 کروڑ روپے دیے تھے، تاہم جب واپسی کا مطالبہ کیا تو ملزمان نے اہلیہ کو بھانجے سمیت اغواء کرلیا۔ غلام مرتضیٰ کا کہنا ہے خاتون اور ان کے بھانجے کے اغواء میں ان تینوں ملزمان کو نامزد کیا ہے مگر اثر و رسوخ کے باعث پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی کر رہی۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ رپورٹ درج کر لی ہے، معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔