یورپی ملک میں داخلے کے دوران پھول جیسی دو جڑواں بچیاں بچھڑ گئیں
برسلز: یورپی ملک میں غیرقانونی طور پر داخلے کے دوران غیرملکی جوڑ ے سے 3 برس کی دو معصوم بہنیں بچھڑگئیں، والدین سخت پریشان ہوگئے ، دوسری طرف معاملہ نوٹس میں آنے پر اقوا م متحدہ کے مشن سمیت پولیس حرکت میں آگئی ،ا ور لڑکیوں کی تلاش شروع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سائپرس ( قبرص) دو حصوں میں تقسیم ہے، ایک حصے پر ترکی کا کنٹرول ہے، جبکہ دوسری طرف جمہوریہ سائپرس ہے، جو یورپی یونین کا رکن ملک ہے، یورپی یونین کے رکن سائپرس میں غیرقانونی داخل ہونے کے لئے غیر ملکی ترک حصے میں آکر وہاں سے بفر زون پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں، یہ بفرزون 8 کلومیٹر چوڑا ہے، جس پر اقوام متحدہ کی امن فوج تعینات ہے، اگر چہ اس بفرزون سے تارکین کی غیرقانونی آمد روکنے کےلئے باڑ بھی لگی ہوئی ہے، تاہم اس کے باوجود غیرملکی اسے پار کرکے سائپرس داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں، ایسی ہی کوشش میں منگل 15 فروری کو رات کے وقت ایک جوڑے نے دو معصوم جڑواں بیٹیاں کھودیں۔ جب وہ سائپرس پہنچے، تو بتایا کہ ان کی تین سالہ دونوں بچیاں بفر زون چھپ کر پار کرنے کی کوشش میں کھوگئی ہیں، اس کی اطلاع ملتے ہی 180 کلومیٹر طویل بفر زون میں تعینات اقوام متحدہ امن مشن کے اہلکار حرکت میں آگئے، اور انہوں نے متعلقہ مقام کے آس پاس بچیوں کی تلاش شروع کردی۔
چوں کہ رات کا وقت تھا، اس لئے اہلکاروں کو بچی کی تلاش میں مشکل پیش آئی ، تاہم انہیں ایک بچی ٹھٹھر تی ہوئی علی ٰالصبح پوپھنٹے سے پہلے مل گئی، جس سے ایک طرف خوشی ہوئی تو دوسری طرف یہ تشویش بھی پیدا ہوگئی کہ دوسری بچی کہاں گئی ہے، تاہم اقوام متحدہ امن فوج نے دوسری بچی کی تلاش بھی جاری رکھی ، اور بالاخر دوپہر کے بعد یہ بچی بھی صحیح سلامت مل گئی ، امن مشن کے ترجمان علیم صدیقی کا کہنا ہے کہ بچیوں کی تلاش میں مقامی پولیس کی مدد شامل تھی، بچیاں اب محفوظ ہیں۔