اٹلی میں انسانی اسمگلرز کے 2 غیرملکی گروپ پکڑے گئے، طریقہ سے پولیس بھی حیران

0

روم: اٹلی میں انسانی اسمگلرز کے 2 بڑے گروپ پکڑے گئے ہیں، دونوں گروپ اپنے آبائی وطن سے تعلق رکھنےو الے تارکین کو غیرقانونی سفر اور جعلی دستاویزات بنا کردیتے تھے، انہوں نے اپنا مضبوط نیٹ ورک بنا رکھا تھا، ایک سال کی نگرانی کے بعد اطالوی پولیس نے یہ آپریشن کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی پولیس نے میلان شہر میں ایسے 2 گروپوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے، جو انسانی اسمگلنگ کے دھندے میں ملوث تھے، اور انہوں نے بڑی ہوشیاری سے اپنا نیٹ ورک مختلف شہروں میں پھیلا رکھا تھا، دونوں گروپ بنیادی طور پر میلان سے چلائے جارہے تھے، تاہم ان کا دھندا اس وقت سے شروع ہوجاتا تھا، جب اٹلی میں کشتیوں کے ذریعہ آنے والے غیرملکی لمپاڈسیا جزیرے پہنچتے تھے ، ان دونوں نیٹ ورک کے کارندے لمپاڈسیا میں ہی ان غیرملکیوں سے رابطے کرنا شروع کردیتے تھے ، جو اٹلی سے آگے دوسرے یورپی ملکوں میں جانے کے خواہشمند ہوتے تھے، افغان اور افریقی نیٹ ورک سے جڑے کارندے زیادہ تر اپنے اپنے ہم وطنوں کو فرانس پہنچانے کا پیکج دیتے تھے، پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں 4 افغانی اور 6 افریقی ملک کیمرون کے باشندے ہیں۔

جبکہ دو افغانوں سمیت 6 ملزمان کی تلاش جاری ہے، دونوں گروہوں کا طریقہ واردات ملتا جلتا تھا، تاہم یہ الگ الگ کام کررہے تھے، لمپاڈسیا پر جن تارکین سے ان کے معاملات طے پاجاتے تھے ، انہیں یہ پہلے میلان پہنچاتے تھے، جہاں فلیٹوں میں انہیں رکھا جاتا، اور پھر آگے بھیجنے کا بندوبست کیا جاتا تھا، دونوں گروپ میلان کے ہوٹلوں میں بھی گاہک گھیرتے تھے، اور ان غیر ملکیوں سے ملتے تھے۔

جو اٹلی سے آگے فرانس و دوسرے ملکوں میں جانے کے خواہشمند ہوتے تھے، پھر جوڑ توڑ کے بعد ان کی روانگی کے لئے جعلی دستاویزات سمیت مختلف اقدامات کئے جاتے تھے، دونوں گروہ لوگوں کو فرانس پہنچانے کے لئے ’’کار پولنگ‘‘ سروس کا استعمال کرتے تھے۔ جس کے تحت BlaBlaCar سمیت مختلف کمپنیوں میں ان غیرملکیوں کی بکنگ کرائی جاتی تھی، ان کاروں میں دیگر مسافر بھی ساتھ ہوتے تھے، اور ان کی آڑ میں یہ غیرملکی بھی آسانی سے فرانس داخل ہوجاتے، اس کے علاوہ یہ جعلی یا کسی اور کی شناختی دستاویزات بھی بناکر ان لوگوں کو دیتے تھے، تاکہ کہیں چیکنگ کی صورت میں یہ انہیں پیش کر کے پولیس کو دھوکہ دے سکیں۔

انفو مائیگرینٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایک سال سے ان دونوں گروہوں پر کام کررہی تھی، جس کے دوران ان کے ٹیلیفون بھی ٹیپ کئے گئے، جس سے ان کے نیٹ ورک اور طریقہ واردات کو سمجھنے میں مدد ملی۔ افغان گروہ لے کارندے لوگوں کو فرانس کی سرحد کے قریب پہنچا کر ایسے مقامات سے انہیں فرانس داخل کرانے کا کام بھی کرتے تھے، جہاں چیکنگ بہت کم یا نہ ہوتی ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.