کراچی: اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کھولنے اور ان میں رقوم منتقل کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اب تک روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعئے تین لاکھ سے زائد اکاؤنٹ کھول چکے ہیں، اور ہر ماہ ان میں اضافہ ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے شروع کردہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم کو کامیابی ملی ہے، اور اب تک 175 ممالک میں مقیم تین لاکھ 22 ہزار 463 سے زائد پاکستانی یہ اکاؤنٹس کھول چکے ہیں۔ نومبرکے اختتام پرآر ڈی اے اکاؤنٹس کی تعداد 299,676 تھی، جبکہ دسمبر2021 میں تقریباً 23 ہزار نئے اکاؤنٹ کھولے گئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق ان اکاؤنٹس کے ذریعہ ترسیلات زر اور جمع کرائی گئی رقم 3 ارب 40 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
جنوری 2022 میں روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے ذریعہ 222 ملین ڈالرکی ترسیلات زر ریکارڈ کی گئی ، جبکہ دسمبرمیں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے زریعہ ترسیلات زر کا حجم 244 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، حکومت نے اسٹیٹ بینک اورکمرشل بینکوں کی معاونت سے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے یہ منصوبہ شروع کیاہے جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں, اس اسکیم کے ذریعہ سمندرپار پاکستانیوں کو ملک میں بینکنگ اورسرمایہ کاری کی سرگرمیوں کیلئے آن لائن بینکنگ کا بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا گیاہے۔