’’اڈ کوٹھے اتوں کاواں وے‘‘، یورپی ملک نے کووں کی بھرتی شروع کردی

0

برسلز: پنجاب کی ثقافت میں کوووں کا اہم کردار اور ذکر چلتا آیا ہے، اور  فون آنے سے پہلے مہمانوں کی اطلاع  دینے کا کام کوے ہی کرتے تھے، جس گھر کی چھت پر کوے بولیں، یہ سمجھا جاتا تھا کہ وہاں کوئی مہمان آنے والا ہے، اس لئے کوووں پر پنجابی میں گیت بھی بہت بنے۔

اور 1998 کی فلم  ’’چوڑیاں‘‘ میں اداکارہ صائمہ پر فلمایا گیا گانا تو بہت ہٹ ہوا، جس کے بول تھے۔ ‘‘اڈ کوٹھے اتوں کاواں وے’’ ‘‘ ساڈے دل دا پراونا ں کوئی ناں’’ ‘‘ تینوں چوریاں کیوں پاواں’’ لیکن انہیں بعد میں اس ’’کاں‘‘ یعنی کوے کو چوریاں بھی ڈالنی پڑگئی تھیں، کیوں کہ کوا سچا نکلا تھا، اور اس کی کاں کاں کے بعد ان کے گھر ’’پراوناں‘‘ یعنی ہیرو معمر رانا آگیا تھا، مگر یورپی ملک نے کوووں کی مہمانوں کی اطلاع دینے والی صلاحیت کے بجائے ان کی نئی صلاحیت دریافت کی ہے، اور اب ان کی باقاعدہ تربیت و بھرتی شروع کردی ہے، بھرتی ہونے والے کوووں کو ظاہر ہے چوری بھی کھانے کو ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شدید سردی، ہر طرف برف، جانور اور درخت زندگی کس طرح بچاتے ہیں؟

جی ہاں سویڈن کی ایک فرم نے کوووں کی چھوٹا کچرا اٹھانے کے لئے تربیت شروع کی ہے، اور پہلے مرحلے میں Södertälje شہر میں یہ کمپنی کوووں کو تربیت دے کر ان سے بالخصوص سگریٹ کے ٹکڑے اٹھوانے کے لئے  استعمال کرنے کو مکمل طور پر تیار ہے، سویڈن میں سگریٹ کے بچے ہوئے ٹکڑوں کا کچرا اہم مسئلہ ہے، اور سالانہ ایک ارب سگریٹ کے ٹکڑے وہاں سڑکوں اور گلیوں سے جمع کئے جاتے ہیں۔

کوروڈ کلیننگ (Corvid Cleaning) نامی کمپنی کے بانی کرسٹین گنتھر کا کہنا ہے کہ کوووں میں سیکھنے کی بلا کی صلاحیت پائی جاتی ہے، اور ہم اس سے فائدہ اٹھانے جارہے ہیں، کوے کو کچرا چننے کے لئے مرحلہ وار تربیت دی جاتی ہے، کوے آپس میں بھی ایک دوسرے کو دیکھ کر سیکھتے ہیں، اسی طرح کوے کے بارے میں یہ خطرہ بھی انتہائی کم ہے کہ وہ غلطی سے کچرا کھالے گا۔

بلدیہ بھی خوش

کوے کے ذریعہ سگریٹ کے ٹکڑے جمع کرنے کے منصوبے سے شہر کی بلدیہ بھی خوش ہے، بلدیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت سگریٹ کا ایک ٹکڑا جمع کرنے پر تقریباً ایک کرونا تک خرچ آتا ہے، جبکہ کوے یہ کام صرف 20 سینٹ میں کردیں گے، اس طرح 75 فیصد بچت ہوگی، کمپنی پرامید ہے کہ منصوبہ کامیاب ہونے کی صورت میں کوووں کی تربیت اور بھرتی کا سلسلہ پورے سویڈن میں شروع کیا جاسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.