الطاف حسین لندن میں بڑے کیس میں پھنس گئے، پیشی کے بعد کارروائی شروع

0

لندن: (وحید چوہدری) ایم کیو ایم کے بانی قائد الطاف حسین برطانیہ میں بڑے مقدمے میں پھنس گئے، بیماری کا جواز پیش کرکے بچنے کی کوشش بھی ناکام ۔ لندن میں دوسروں پر حملے کیلئے اکسانے کے مقدمے پر کارروائی شروع کردی گئی ۔ جو دفعات لگائی گئی ہیں، ان میں طویل سزا ہوسکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت میں مقیم ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے خلاف دہشت گردی سے متعلق کیس لندن میں پیر کو شروع ہوگیا ہے، اور ان پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے، یہ کیس تین ہفتوں تک چلایا جائے گا، اس موقع پر ملزم الطاف حسین عدالت میں پیش ہوا، متحدہ قومی موومنٹ کے بانی پر جو فرد جرم عائد کی گئی ہے، وہ ملزم کی 22 اگست 2016 کو ٹیلیفون پر کراچی میں خطاب کرتے ہوئے نفرت انگیز تقریر کے حوالے سے ہے، جس کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پاکستان توڑنے کے نعرے لگائے تھے، اور پریس کلب کے قریب واقع اے آر وائی ٹی وی کے دفتر پر حملہ کردیا تھا۔

لندن میٹرو پولٹین پولیس نے اس حوالے سے جاری بیان میں بتایا ہے کہ Abbey View, Mill Hill, NW7 کے رہائشی الطاف حسین کو دہشت گردی ایکٹ 2006 کے سیکشن ون اور ٹو کے تحت دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کے الزام میں چارج شیٹ کیا گیا ہے، ملزم نے 22 اگست 2016 کو کراچی پاکستان میں مجمع سے خطاب میں ایسی باتیں کی تھیں، جو دہشت گردی پر اکسانے کے زمرے میں آتا ہے، پولیس نے الطاف حسین پر جو چارج لگایا ہے۔

برطانوی قانون کے تحت اس الزام میں 15 برس قید یا جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے، جبکہ دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں۔ ملزم الطاف حسین پیر کو پیشی سے قبل کراون پراسیکیوشن سروس کے سامنے پیش ہوا، اور یہ دعویٰ کیا کہ وہ ذہنی اور جسمانی طور پر ان فٹ ہے، وہ حال ہی میں کرونا میں بھی مبتلا ہوچکا ہے، اس کی صحت مقدمے کا سامنا کرنے کی اجازت نہیں دیتی ۔ لہذ ا مقدمہ کی کارروائی روک دی جائے اور کیس ختم کردیا جائے، تاہم کراون پراسیکیوشن سروس نے الطاف حسین کی درخواست مسترد کردی، اور مقدمے کی کارروائی آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ ملزم الطاف حسین 1990 سے برطانیہ میں مقیم ہے، اور اب برطانوی شہریت بھی حاصل کرچکا ہے۔

پاکستانی حکام برطانیہ سے کئی بار ان کے خلاف دوسروں پر حملے کیلئے اکسانے کے الزام میں کارروائی کا مطالبہ کرچکے ہیں، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اس سے پہلے اکتوبر 2019 میں بھی االطاف حسین پر دہشت گردی پر اکسانے کی چارج شیٹ عائد کی تھی، اور 2007 میں ملزم کو گرفتار بھی کیا تھا، جس کے بعد ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.