ثمن کیس میں اہم ملزم کو اٹلی لانے کی تیاری مکمل، ٹکٹ بک کرالئے گئے

0

روم: اٹلی میں 8 ماہ قبل لاپتہ ہونے والی پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس میں اطالوی حکام کو مطلوب اہم ملزم کو لانے کی تمام تیاری مکمل کرلی گئی ، اطالوی حکام نے ٹکٹوں کی بکنگ سمیت تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں، اطالوی حکام پرامید ہیں کہ ملزم کی تحویل ملنے کے بعد ثمن کیس کی گتھی سلجھ سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ریجو ایمیلیا کے علاقے نووی لارا Novellara میں اپریل کے آخری دنوں میں لاپتہ ہونے والی 18 سالہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس کی گتھی ساڑھے 8 ماہ بعد ہی سلجھ نہیں سکی، اور اب تک اطالوی حکام کو ثمن کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا کہ آخر اس کے ساتھ ہوا کیا تھا، البتہ اطالوی حکام سمجھتے ہیں کہ ثمن اب اس دنیا میں نہیں ہے، لیکن اس کی لاش یا باقیات بھی اب تک نہیں مل سکیں، اطالوی پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ لڑکی اٹلی میں ایک پاکستانی لڑکے سے پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی، جبکہ گھر والے اس کی شادی پاکستان میں اس کے ایک عزیز سے کرانا چاہتے تھے، جس پر تنازعہ چل رہا تھا۔ ثمن کے لاپتہ ہونے کے فوری بعد اس کے والد شبیر حسین اور والدہ نازیہ شاہین پاکستان چلے گئے تھے۔ تاہم اطالوی حکومت نے اس کے دو کزنز اور چچا کی تلاش شروع کی تھی، جس میں سے ایک کزن اعجاز جلد ہی فرانس سے گرفتار ہوگیا تھا، اور اٹلی میں قید ہے، جبکہ اس کا چچا دانش حسین بھی تقریباً 4 ماہ قبل 22 ستمبر کو پیرس سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

جسے اطالوی حکام اس کیس کا مرکزی کردار سمجھتے ہیں۔ تاہم دانش حسین نے فرانس میں گرفتاری کے بعد حوالگی کی اطالوی درخواست کو فرانس کی عدالت میں چیلنج کر دیا تھا، جس کی وجہ سے اس کی حوالگی تعطل کا شکار تھی، لیکن گزشتہ سماعت پر دانش حسین نے حوالگی کے خلاف درخواست واپس لے لی تھی، جس کے بعد فرانسیسی حکام نے دانش حسین کو اٹلی کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

واپسی کے انتظامات

اطالوی حکام نے دانش حسین کو جمعرات 20 جنوری کو پیرس سے اٹلی لانے کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق دانش حسین کو فرانس سے لانے کیلئے اطالوی وزارت داخلہ نے اہلکاروں کی ٹیم بھیجی ہے، جو جمعرات کی صبح اسے پیرس کے چارلس ڈیگال ائرپورٹ سے لے کر روانہ ہوں گے، دانش حسین کو بلونیا کے ائر پورٹ پر لایا جائے گا، جہاں اسے ریجو ایمیلیا کی کارا بیری پولیس کے حوالے کیا جائے گا، جو اسے عدالت میں پیشی اور تفتیش کے لئے جیل منتقل کردے گی، دانش حسین کی منتقلی کے بعد اب اطالوی حکام کو ثمن کے کیس میں تین ملزمان کی تلاش رہ گئی ہے، جن میں سے اس کے والدین تو پاکستان میں ہیں، اور انہیں اٹلی لانے کے لئے پاکستان سے رابطے بھی کئے جاتے رہے ہیں، جبکہ اس کے ایک کزن نعمان کی اب بھی یورپ میں موجودگی کا شبہ ہے، اور اس کی تلاش جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.