پاک فیڈریشن اٹلی کا بڑا اعلان، نامور شخصیات کی فیڈریشن میں شمولیت
پاک فیڈریشن اٹلی کا بڑا اعلان، نامور شخصیات کی فیڈریشن میں شمولیت، سابق صدر تحریک کشمیر شیخ تنویر احمد کدھر، پاکستان اسپورٹس بورڈ بریشیا فیصل ساہی، نائب صدر تحریک کشمیر اٹلی بابر وڑائچ مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کا حصہ بن گئے، پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکرٹری آصف رضا کا کہنا ہے کہ 23 مارچ تک کابینہ مکمل کرلی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فیڈریشن اٹلی کو فعال کرنے کی کاوشیں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ بلوونیا، بریشیا، پراتو، ویچینزہ میں کمیونٹی کے بھرپور اعتماد اور تعاون کے بعد ناپولی، میلان، روم ، بیرگامو، کارپی، ریجو ایمیلیا، فرارہ، مچراتا میں بھی جلد رابطہ مہم کرکے کمیونٹی کو متحد کیا جائے گا۔ پاک فیڈریشن اٹلی کو فعال کرنے کے حوالے سے گزشتہ سال کی آخری سہہ ماہی میں شروع کی جانیوالی کاوشیں حتمی مراحل میں داخل ہو گٸی ہیں، اٹلی میں مقیم پاکستانی کیمونٹی کو درپیش عمومی مسائل کے حل کیلٸے قومی سطح پر آواز اٹھانے کیلٸے برسوں سے قاٸم پاک فیڈریشن اٹلی کو فعال کرنے کے اقدام کا اٹلی بھر میں مقیم ہموطنوں نے خیرمقدم کیا ہے، پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکرٹری چوھدری آصف رضا کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق فیڈریشن کے اغراض و مقاصد سے آگاہی کیلٸے اٹلی کے چار بڑے شہروں میں ہونیوالے اجتماعات میں مقامی پاکستانی کیمونٹی کی طرف سے فیڈریشن کے دوبارہ منظم کرنے کے پروگرام کو زبردست پذیرائی ملی ہے، 31 دسمبر 2021 تک ہونیوالی رابطہ مہم کی روشنی میں متعدد شہروں سے پاک فیڈریشن اٹلی میں رجسٹرڈ پاکستانی کیمونٹی کی نماٸندہ ایسوسی ایشنز کی طرف سے موصول ہونیوالی نامزدگیوں کا جاٸزہ لینے کے بعد بریشیا سے سابق صدر تحریک کشمیر اٹلی شیخ تنویر ارشد کدھر، پاکستان اسپورٹس بورڈ بریشیا کے صدر چوھدری فیصل بشیر ساہی۔
ویچینزا سے تحریک کشمیر اٹلی کے نائب صدر چوھدری بابر وڑاٸچ اور اخلاق احمد جبکہ پراتو سے کمیونٹی کے نمائندے عبدلواحد گوندل، حاجی غلام عباس، چوھدری اشفاق احمد اور مظہر حسین مہر کو پاک فیڈریشن اٹلی کی سنٹرل کونسل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے. جبکہ اگلے مرحلے میں اٹلی کے دیگر شہروں سے ہموطنوں کی نماٸندہ رجسٹرڈ ایسوسی ایشنز کے نامزد کردہ ناموں کا اعلان کر کے 23 مارچ 2022 سے قبل پاک فیڈریشن اٹلی کی سنٹرل کونسل مکمل کی جاٸے گی، جس کے بعد پہلے سے اعلان شدہ تاریخ 14 اگست 2022 تک سنٹرل کونسل کے ارکان فیڈریشن کی ایگزیکٹو کونسل کا انتخاب کریں گے۔