غیرقانونی مقیم تارکین کی سختی آگئی، 15 ہزار گرفتار
ریاض: غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا، ایک ہفتے میں 15 ہزار سے زائد گرفتاریاں، پناہ، ملازمت اور ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے، رواب برس گرفتار غیر ملکیوں کی کل تعداد 92 ہزار 304 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ممالک تو انسانی حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو بھی عام طور پر نظرانداز کرتے ہیں، اور زیادہ تر ان تارکین کے خلاف کارروائی اور ڈیپورٹ کیا جاتا ہے، جو جرائم میں ملوث ہوجائیں، لیکن اس کے برعکس خوشحال عرب ممالک غیر قانونی مقیم تارکین سے رتی برابر لحاظ نہیں کرتے، حتی کہ جنگ زدہ مسلم ممالک کے شہریوں کے خلاف بھی غیرقانونی قیام کی کارروائی پوری شدت کے ساتھ کی جاتی ہے، جبکہ اقامہ تبدیل کرائے بغیر دوسرا کام کرنے پر بھی گرفتاری ہوجاتی ہے، ایسا ہی کچھ آج کل سعودی عرب میں جاری ہے، جہاں مملکت میں غیرقانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اخبار سعودی گزٹ کے مطابق ایک ہفتے 16 سے 22 دسمبر کے دوران اقامے اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی اور سعودیہ میں غیرقانونی داخلے یا اخراج کی کوشش کرنے والے 15 ہزار 76 غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے 7777 افراد کو اقامے، 1924 کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی جبکہ 5375 کو بارڈر کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں غیرقانونی داخلے پر 208 غیرملکی گرفتار کئے گئے۔ جن میں سے 64 فیصد یمنی اور 28 فیصد ایتھوپیا کے شہری ہیں۔
واضح رہے کہ یہ دونوں ملک جنگ زدہ ہیں، اور یمن کی جنگ میں سعودی عرب خود شامل ہے، ان ملکوں کے شہریوں کو یورپ سمیت مغربی ممالک ان کے ملکی حالات کی وجہ سے پناہ دے دیتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 37 افراد کو سعودیہ سے غیرقانونی طور پر بارڈر کے ذریعہ اخراج کی کوشش پر جبکہ 27 افراد کو غیرقانونی مقیم افراد کو ٹرانسپورٹ کرنے اور انہیں پناہ دینے پر پکڑا گیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب میں گرفتار غیر ملکیوں کی کل تعداد 92 ہزار 304 ہوگئی ہے جن میں 9 ہزار 179 خواتین بھی شامل ہیں۔ ان میں سے 81 ہزار 670 کو ڈیپورٹ کرنے کیلئے ان کے سفارت خانوں کے ساتھ مل کر کارروائی جاری ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی فرد کسی کے مملکت میں غیرقانونی داخلے میں مدد کرتا۔ اسے ٹرانسپورٹ یا رہائش کی سہولت دیتا پایا گیا۔ تو اسے 15 برس تک جیل۔ ایک ملین سعودی ریال جرمانہ اور وہ گاڑی اور رہائش ضبط کرنے کی سزا سنائی جائے گی جو غیرقانونی قیام کے لئے استعمال ہوگی۔