ٹیکس وصولی اور موبائل فونز پر پاکستانیوں کے لئے اچھی خبریں آگئیں

0

اسلام آباد: حکومت کو نومبر میں بھی ریکارڈ ٹیکس وصول ہوا ہے، تیل پر جنرل سیلز ٹیکس زیرو کرنے کے باوجود ایف بی آر نے ہدف سے زائد وصولی کی ہے، اعداد وشمار سامنے آ گئے ، دوسری طرف ملک میں موبائل فون بنانے کی صنعت بھی تیزی سے ترقی کررہی ہے،

تفصیلات کے مطابق جولائی سے شروع ہونے والے نئے مالی سال میں مسلسل ٹیکس وصولی ہدف سے زائد جاری ہے، جس سے حکومت کو قرضوں کی ضرورت کم پڑ رہی ہے، اعدادو سنار کے مطابق جولائی تا نومبر 5 ماہ کے دوران ٹیکس وصولی ہدف سے 298 ارب روپے زیادہ ہے۔ ٹیکس کی وصولی میں سالانہ تقریباً 37 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیکس وصولی ہدف سے کافی آگے ہے۔ ان پانچ ماہ کے دوران ایف بی آر نے 2314 ارب کے ٹیکس جمع کئے ہیں، جبکہ ہدف 2016 ارب تھا۔ نومبر میں ٹیکس وصولی کا ہدف 408 ارب تھا، جبکہ وصولی 470 ارب رہی ہے، اس طرح نومبر کے دوران ہدف سے 62 ارب زائد جمع ہوئے، حالاں کہ اس دوران حکومت نے تیل قیمتوں کے عالمی اثرات سے بچانے کے لئے تیل پر جنرل سیلز ٹیکس ختم کردیا تھا، ٹیکس وصولی کی رفتار یہی رہی تو امید ہے کہ مالی سال کے اختتام پر ایف بی آر کی وصولیاں تاریخ میں پہلی بار6 ہزار ارب کا ہدف عبور کر جائیں گی۔

موبائل فون سازی

موجودہ حکومت کی جانب سے ملک میں صنعتیں لگانے اور ’’میڈ ان پاکستان ‘‘ کلچر کو فروغ دینے کی کوششوں کو موبائل فون صنعت میں بڑی کامیابی مل رہی ہے۔

اس سال جنوری سے اکتوبر کے دوران پاکستان میں ایک کروڑ 88 لاکھ 70 ہزار موبائل فون تیار کئے گئے ہیں، جن میں 79 لاکھ 30 ہزار فور جی موبائل فون شامل ہیں، جبکہ اس دوران باہر سے درآمد کئے گئے فونز کی تعداد 94 لاکھ 50 ہزار رہی ہے، اس طرح ملک میں موبائل فون کے کارخانے لگنے سے نہ صرف لوگوں کو روزگار اور حکومت کو ٹیکس ملنا شروع ہوگیا ہے، بلکہ موبائل فون درآمد کرنے پر خرچ ہونے والا کروڑوں ڈالر کا زرمبادلہ بھی بچ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی یورپی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی پاکستان میں سیٹ اپ سمیٹنے کیلئے تیار، صارفین کا کیا ہوگا؟

حکام کے مطابق آئندہ چند ماہ کے دوران معروف چینی موبائل فون کمپنی XIAOMI اور سام سنگ بھی پاکستان میں موبائل تیار کرنا شروع کردے گی، جس سے نہ صرف درآمدات کی ضرورت ختم ہوجائےگی، بلکہ پاکستان موبائل فون برآمد کرنے والا ملک بن جائے گا۔دونوں کمپنیوں نے پہلے ہی کارخانے لگانے کی اجازت لے لی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.