بڑی یورپی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی پاکستان میں سیٹ اپ سمیٹنے کیلئے تیار، صارفین کا کیا ہوگا؟

0

اسلام آباد: پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سروس فراہم کرنے والی بڑی یورپی کمپنی نے ملک سے کاروبار سمیٹنے کا فیصلہ کرلیا ہے، اور موبائل کمپنی کو ممکنہ طور پر کسی دوسری ٹیلی کام کمپنی کو فروخت کردیا جائے گا، سرکاری ٹیلی فون کمپنی متوقع خریداروں میں سرفہرست ہے۔

تفصیلات کے مطابق ناروے کی ٹیلی کام کمپنی ٹیلی نار نے میانمار کے بعد پاکستانی مارکیٹ سے بھی کاروبار سمیٹنے کا فیصلہ کیا ہے، اور وہ کسی دوسری کمپنی سے انضمام کے لئے دیکھ رہی ہے، ٹیلی نار گروپ نے ایک اور ایشیائی ملک تھائی لینڈ میں بھی مقامی کمپنی کے ساتھ انضمام کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیلی نار گروپ صرف پاکستان نہیں بلکہ کئی دیگر ایشیائی ممالک میں بھی اپنا سیٹ اپ سمیٹ رہا ہے، ٹیلی نار کی پاکستانی مارکیٹ سے رخصتی کچھ عرصے سے متوقع تھی ۔ اور اب اس کی تصدیق ٹیلی نار گروپ کے سی ای اوSigva Brekke نے کردی ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کے کسی دوسری کمپنی میں ضم ہونے کی اطلاعات اس کی سروسز کے تنزلی کا شکار معیار کے باعث بھی کی جارہی تھی۔ پی ٹی اے کے کوالٹی آف سروسز سروے سے بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ جاز اور زونگ کے مابین سروس کے معیار کے حوالے سے مقابلہ ہے جبکہ ٹیلی نار پہلے ہی اس مقابلے سے دستبردار ہوگئی تھی کیونکہ بڑی کاوشوں کے باوجود بھی اس کی سروس کا معیار جاز اور زونگ کے برابر نہیں آسکا۔ کمپنی نے گزشتہ سال سے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ نہیں کیا تھا، جس کی وجہ سے متعدد ملازمین بہتر مستقبل کیلئے کمپنی چھوڑگئے تھے۔

’’فون ورلڈ ڈاٹ کام‘‘ ویب سائٹ کے مطابق ٹیلی نار نے حال ہی میں کئی ملازمین کو ایک ماہ کے نوٹس اور چھ ماہ کی پیشگی تنخواہ کے ساتھ ملازمت سے فارغ بھی کیا تھا۔ پاکستان میں اس وقت 4 موبائل فون کمپنیاں کام کررہی ہیں، جن میں صارفین کی تعداد کے لحاظ سے جاز سب سے آگے ہے، اس کے علاوہ زونگ اور یوفون بھی اہم کھلاڑی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹیلی نار کو ممکنہ طور پر سرکاری کمپنی اسپیشل کمیونیکیشنزآرگنائزیشن(ایس سی او) خرید سکتی ہے، جو اپنی سروسز کا دائرہ اب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے آگے پورے پاکستان میں پھیلانے کے لئے کوشاں ہے، کیوں کہ جاز خواہشمند ہو تب بھی مسابقتی کمیشن مقابلے کی فضا کو نقصان پہنچنے کے خطرے کے پیش نظر اس کو اجازت نہیں دے گا۔ دوسری طرف زونگ اپنے صارفین کو کسی دوسری کمپنی کے ساتھ شیئر کرنا پسند نہیں کرے گا، اس لیے انضمام کے لیے ٹیلی نار کے پاس یوفون اور ایس سی او کے آپشن ہی بچتے ہیں۔ ان میں ایس سی او زیادہ موزوں آپشن لگتا ہے، اس طرح ٹیلی نار کے صارفین نئی کمپنی کے صارف بن جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.