روم: ٹھر ٹھر ٹھر، اٹلی والے ہوجائیں تیار، سردی کی شدید لہر نے دستک دے دی، گرم کپڑے اور گھروں کے ہیٹر چلانے کی تیاری کرلیں، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی جاری کردی ہے، کئی شہروں میں شدید بارش کا سلسلہ جمعہ سے شروع ہوگا، جس سے سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی میں شدید سرد ی کی لہر نے دستک دے دی ہے، محکمہ موسمیات نے بارش، برفباری، خون جما دینے والی ہواوں اور شدید سردی کا الرٹ جاری کردیا ہے، اطالوی سرکاری خبرایجنسی ’’انسا‘‘ کے مطابق روم اور ناپولی سمیت کئی شہروں میں شدید بارش کا سلسلہ جمعہ سے شروع ہوگا، اور اس سے سیلابی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے، موسمیات کے ماہر ا ٓندرے گربیناتو کا کہنا ہے کہ تسکونی ، لازیو، سسلی ، کلابریا اور پالیا ریجن میں طوفانی بارش کا خدشہ ہے، جمعہ سے شدید ٹھنڈی ہوائیں بھی اٹلی کے مختلف علاقوں میں داخل ہوجائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں طوفانی بارشوں نے تباہ مچادی، جانی و مالی نقصان، مزید کی پیشگوئی
اسی طرح پہاڑوں پر بالخصوص سردانیہ میں برفباری کا سلسلہ شروع ہوجائے گا، جو بتدریج کئی دیگر علاقوں کو بھی لپیٹ میں لے لے گا، درجہ حرات جمعہ سے شمالی اٹلی میں گرنا شروع ہوگا، اور پھر باقی حصوں میں بھی سردی اپنی شدت کے ساتھ آجائے گی۔