اطالوی جنرل کی آرمی چیف سے ملاقات

0

راولپنڈی: اٹلی اور پاکستان نے دفاعی اور فوجی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، اطالوی جنرل لوسیانو پورتو لانو نے آرمی ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے سیکریٹری جنرل ڈیفنس و نیشنل آرمننٹس ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل لوسیانو پورتو لانو(Luciano portolano) نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل باجوہ سے ملاقات کی ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں علاقاتی سلامتی، افغانستان کی صورت حال اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں فوجی تعاون بڑھانے پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر اطالوی جنرل نے کہا کہ وہ پاکستانی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں، اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، انہوں نے افغان صورت حال میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔ جنرل باجوہ نے اس موقع پر کہا کہ اٹلی عالمی اور علاقائی امور میں جو اہم کردار ادا کررہا ہے، پاکستان اسے بہت اہمیت دیتا ہے، اور ہم اٹلی کے ساتھ تعلقات بڑھانا چاہتے ہیں، انہوں نے افغانستان میں انسانی المیہ کو روکنے کے لئے بنیادی امداد کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.