اٹلی میں طوفانی بارشوں نے تباہ مچادی، جانی و مالی نقصان، مزید کی پیشگوئی

0

روم: اٹلی کے ریجن میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، ایک جوڑا بھی سیلابی ریلے میں بہہ گیا، جبکہ متعدد گاڑیاں بھی برساتی پانی کے ریلوں میں بہہ گئی ہیں، شدید بارشوں کی وجہ سے ندی نالے بھی کناروں سے ابل پڑے، خراب موسم ایک ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے سسلی ریجن میں طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، سکوردیا قصبے میں ایک جوڑا کار سمیت پانی کے ریلے میں پھنس گیا، جس کے نتیجے میں دونوں بہہ گئے ہیں، ان میں سے 67 سالہ مرد کی کی لاش امدادی کارکنوں نے تلاش کرلی ہے، جبکہ اس کی بیوی لاپتہ ہے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ مذکورہ جوڑا پانی اور کیچڑ میں پھنسنے کے بعد گاڑی سے باہر نکلا تھا، لیکن اس دوران پانی کا تیز ریلا انہیں بہا لے گیا، امداد ی کارکنوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے سسلی اور کلابریا میں 580 امدادی آپریشن کئے ہیں، جن میں برساتی پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالا گیا ، سسلی اور کلابریا کے علاوہ پالیا اور Basilicata کے لئے بھی موسم کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا۔

شدید بارشوں اور تیز ہواوں کے سبب ان علاقوں میں لوگوں کو شدید پریشانی اور نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، سڑکوں پر گاڑیاں تیرتی ہوئی نظر آرہی ہیں، جبکہ کتانیا کے مئیر نے پیر کو اسکول، پارک اور قبرستان بند کردئیے، متاثرہ علاقوں میں 150 ملی میٹر سے زائد بارش ہوئی ہے، ڈائریکٹر موسمیات انتونیو سانو کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ بحیرہ روم میں آنے والا طوفان ہے، جس کی ہوا کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے، انہوں نے کہا کہ خراب موسم ایک ہفتہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.