ہائے رے مہنگائی، بڑے یورپی ملک میں عوام کی خیراتی اداروں پر لائنیں

0

لندن: ہائے رے مہنگائی، تیل ،گیس اور خوراک کی قیمتوں نے اہم یورپی ملک کے عوام کی چیخیں نکلوادیں، کھانے کے لالے پڑگئے ، دوسری جانب ملک کے مرکزی بینک نے مہنگائی پر عوام سے معذرت کی ہے، لیکن ساتھ ہی یہ نوید بھی سنائی ہے کہ اس سے جلد نجات ملنا ممکن نظر نہیں آرہا۔

تفصیلات کے مطابق اہم یورپی ملک برطانیہ میں تیل ، گیس اور خوراک کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں، بالخصوص گیس 400 فیصد تک مہنگی ہوگئی ہے، جس کے بعد کم آمدنی والے افراد کے لئے بل بھرنا اور خوراک خریدنا دونوں چیزیں کرنا مشکل ہوگیا ہے، مہنگائی کے ستائے عوام نے اب خیراتی اداروں کے فوڈ بینکس کا رخ کرلیا ہے، مہنگائی کے ستائے برطانوی شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی میں ان کے لئے گھروں کو گرم رکھنا ضروری ہے، لیکن بجلی اور گیس مہنگی ہونے سے یوٹیلیٹی بلز میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے، دوسری طرف خوراک کی قیمت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے، ایسے میں ان کے لئے فوڈ بینکس سے رجوع کرنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں رہا ۔ امریکی نشریاتی ادرے سی این این کی رپورٹ کے مطابق لندن میں مفت کھانا اور راشن فراہم کرنے والے اداروں پر عوام کا رش بڑھ گیا ہے۔ مغربی لندن میں واقع ڈیڈس ہاؤس کے نام سے قائم فوڈ بینک کے بانی بلی مک نے بتایا کہ ستمبر کے وسط سے ان کے فوڈ بینک پر آنے والوں میں 70 افراد کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ ہر ہفتہ اوسطاً 400 افراد مفت کھانے اور راشن کے لئے آرہے ہیں۔

مشرقی لندن میں واقع ایک اور فوڈ بینک چلانے والے رابرٹ ہینگر کا کہنا تھا کہ یہاں آنے والوں میں اساتذہ، ٹینس کے کھلاڑی اور دیگر ملازمت پیشہ افراد بھی شامل ہیں، دوسری طرف بینک آف انگلینڈ کے گورنر اینڈریو بیلے کا کہنا ہے کہ افراط زر سے متاثرہ شہریوں کے لئے سردیوں کا موسم جیب پر مزید بھاری پڑے گا، انہوں نے کہا کہ وہ اس صورت حال پر معذرت خواہ ہیں، لیکن ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ توانائی قیمتوں میں اضافہ مستقل صورت اختیار کرسکتا ہے، جن کی وجہ آلودگی پر قابو پانے کے لئے دنیا کا کوئلے پر انحصار کم کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 2 یورپی ملکوں میں مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے، اٹلی میں حکام فیکٹریوں کیلئے پریشان

خیال رہے کہ دیگر یورپی ممالک میں بھی مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، جرمنی اور اسپین میں مہنگائی کا 28 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، 1993 کے بعد پہلی بار افراط زر کی شرح ساڑھے 4 فیصد تک پہنچ گئی ہے، جب کہ اٹلی میں بھی مہنگائی مزید بڑھ گئی ہے، جس کی شرح 3 فیصد ہوگئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.