اٹلی میں سینکڑوں تارکین کی آمد، پاکستانیوں کی بڑی کھیپ بھی پہنچ گئی

0

روم: اٹلی نے ایک بار پھر بحیرہ روم میں بچائے گئے سینکڑوں تارکین وطن کے لئے اپنا دل اور دروازے کھول دئیے ہیں، جبکہ دوسری طرف پاکستانیوں سمیت تارکین کی ایک کھیپ براہ راست بھی اٹلی پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی نے جرمن این جی او Sea eye کی طرف سے گزشتہ دونوں مختلف امدادی کارروائیوں میں بچائے گئے 800 سے زائد تارکین کو سسلی میں اترنے کی اجازت دےدی ہے، جرمن این جی او نے تارکین کو سمندر میں بچانے کے بعد اپنے جہاز پر منتقل کیا تھا، ان میں تارکین کی بڑی تعداد کو مالٹا کے قریب بچایا گیا تھا، تاہم جرمن این جی او کے مطابق مالٹا نے تارکین کو لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کردیا، جس کے بعد این جی او کا جہاز انہیں لے کر اطالوی ساحل کے قریب آکھڑا ہوا تھا، اور بالاخر اٹلی نے ایک بار پھر تارکین کو اترنے کی اجازت دے دی، اتوار کو لینڈنگ کے بعد ان تارکین کو قرنطینہ کے لئے دوسرے 2 جہازوں میں منتقل کردیا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ ان تارکین میں 170 بچے بھی شامل ہیں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق ادارے نے ایک با ر پھر تارکین کو خوش آمدید کہنے پر اٹلی سے اظہار تشکر کیا ہے، واضح رہے کہ اس سال اب تک 55 ہزار سے زیادہ تارکین کشتیوں کے ذریعہ اٹلی پہنچ چکے ہیں۔

پاکستانیوں کی آمد

دوسری طرف اٹلی کے شہر Crotone میں بھی دو کشتیوں کے ذریعہ تارکین کی آمد ہوئی ہے، یہ تارکین از خود ساحل پر پہنچ گئے تھے، جبکہ کچھ کو حکام نے منتقل کیا، اطالوی حکام کے مطابق 88 تارکین میں پاکستانی، بنگلہ دیشی اور افغان شامل ہیں، یہ تارکین کہاں سے روانہ ہوئے تھے، یہ واضح نہیں ہوسکا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.