بڑا حادثہ، ٹریک پر چلتا تارکین کا گروپ ٹرین کی زد میں آگیا
پیرس: یورپی ملک میں ریلوے لائن پر چلنے والا تارکین کا گروپ ٹرین کی زد میں آگیا، حادثے میں جانی نقصان بھی ہوا ہے، جبکہ ٹریک بھی بند کرنا پڑگیا، دوسری طرف فرانس سے برطانیہ جانے کی کوشش میں بھی تارکین کی ایک کشتی حادثے کا شکار ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فرانس سے برطانیہ جانے کی کوشش میں تارکین وطن کی کشتی انگلس چینل میں حادثے کا شکار ہوگئی، فرانسیسی حکام نے اطلاع ملنے پر فوری ریسکیو کارروائی کی، تاہم اس وقت تک ایک تارک وطن ڈوب کر دم توڑ چکا تھا، جب کہ ایک اور تارک وطن لاپتہ ہے، فرانسیسی حکام نے 400 تارکین کو البتہ کامیابی سے ریسکیو کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرین میں چھپ کر اٹلی سے جرمنی جانے والے تارکین کو بچوں نے پھنسادیا
دوسری طرف تارکین کو ریلوے ٹریک پر حادثہ بھی فرانس میں پیش آیا ہے، برطانیہ جانے کی کوشش کرنے والے تارکین کے بڑے مرکز کیلس میں تارکین کا گروپ ریلوے ٹریک پر جارہا تھا، کہ اس دوران وہ تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئے، جس سے ایک تارک وطن ہلاک اور تین زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے ایک کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے۔ فرانسیسی حکام کے مطابق تارکین کا تعلق اریٹیریا سے ہے، حادثہ کے بعد ٹرین سروس بھی کئی گھنٹے تک معطل کرنی پڑگئی۔