افغان تارکین کیخلاف آپریشن، سمندر میں بھی کشتی پکڑ لی

0

انقرہ: ترکی نے افغان تارکین کے خلاف سخت پالیسی جاری رکھتے ہوئے مزید گرفتاریاں کی ہیں، دوسری طرف یورپ جانے کے لئے کشتی میں سوار ہوجانے والے تارکین بھی سمندر میں پکڑے گئے ہیں، ان میں سے کچھ کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ انسانی اسمگلر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترکی نے ملک میں غیرقانونی داخل ہونے والے افغان تارکین کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے ایرانی سرحد کے قریب سے 164 تارکین پکڑ لئے ہیں، جو ایران کے راستے ترکی میں داخل ہوئے تھے، ان میں سے بیشتر افغان تارکین ہیں، ترک اخبار ’’ڈیلی صباح‘‘ کے مطابق گرفتار افغان تارکین کو حراستی مراکز میں منتقل کردیا گیا ہے، ان میں سے 11 کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ انسانی اسمگلر ہیں، ترکی نے اس سے پہلے کئی بار واضح کیا ہے کہ وہ مزید افغان تارکین وطن کو ملک میں قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے، ایران سے تارکین کی آمد روکنے کیلئے ترکی دیوار بھی تعمیر کررہا ہے، ترکی میں پہلے سے 3 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین موجود ہیں۔

دوسری طرف ترک کوسٹ گارڈ نے سمندر سے 258 تارکین کو ریسکیو کرلیا ہے، جو ترکی سے کشتی کے ذریعہ یورپ جانے کی کوشش کررہے تھے، ترک حکام کے مطابق ان تارکین کی کشتی کو یونانی فورسز نے واپس دھکیلا تھا، تارکین میں زیادہ تعداد شامی مہاجرین کی بتائی جاتی ہے، جنہیں اب ازمیر کے ریسیپشن سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.