برطانوی کئیر ہومز سے تارکین بچے غائب ہونے کا انکشاف، کون کررہا ہے؟

0

لندن: برطانیہ میں پہنچنے والے کم عمر تارکین وطن میں سے کچھ بچے کئیر ہومز سے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ چھوٹے بچے ایسے غلط ہاتھوں میں جا سکتے ہیں، جو انہیں جسم فروشی اور غلامی کیلئے استعمال کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک طرف افغانستان سے لائے گئے ہزاروں افغان مہاجرین کی آمد ہوئی ہے، تو دوسری طرف فرانس سے انگلش چینل کے ذریعہ بھی بڑی تعداد میں تارکین کی آمد جاری ہے، اور ان دونوں میں بڑی تعداد خواتین و بچوں کی بھی ہے، برطانوی اخبار ’’ٹائمز ‘‘ کے مطابق بالخصوص انگلش چینل پار کرکے برطانیہ آنے والے تارکین بچوں کی ایک تعداد کئیر ہومز سے غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ان میں 9 سال کے بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 37 لاپتہ بچوں کی عمریں 13 سال سے کم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق خدشہ ہے کہ ان میں سے کچھ بچے جسم فروشی کرانے یا جبری مشقت لینے میں ملوث گروپوں نے اغوا کرلئے ہیں،اخبار نے لاپتہ ہونے والے ایک 15 سالہ ویتنامی بچے کا حوالہ دیا ہے ، جو ہوم آفس کی جانب سے رہائش کیلئے دئیے گئے ہوٹل سے غائب ہوگیا، اور بعد میں لندن میں ایک اجنبی کے ساتھ پایا گیا ، جو ممکنہ طور پر اسے جبری مشقت کیلئے استعمال کررہا تھا، برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی بچے کے لاپتہ ہونے کا بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.