چوہدری عابد رضا کا اٹلی کے شہر فرارہ میں عظیم الشان جلسے سے خطاب

0

فرارہ (رپورٹ: تنویر ارشاد): پاکستان مسلم لیگ ن گجرانوالہ ڈویژن کے صدر چوہدری عابد رضا کا اٹلی کے شہر فرارہ میں عظیم الشان جلسے سے خطاب، جلسے کا انعقاد پاک فیڈریشن اٹلی کے سابق صدر اور معروف بزنس مین چوہدری امجد حسین رولیہ نے کیا، اٹلی بھر سے مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں اور کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، عابد رضا نے امجد حسین رولیہ اور کمیونٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی یورپی نظام سے سیکھتے ہوئے پاکستان میں جمہوریت کی بقاء اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار ادا کرے، سوشل ریاست ڈکلیئر ہونے تک عوام کے مسائل کا حل نہ ممکن ہے۔

تفصیالت کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن گجرانوالہ ڈویژن کے صدر ممبر قومی اسمبلی نے دورہ یورپ کے موقع پر اٹلی کے شہر فرارہ میں عظیم الشان جلسے سے خطاب کیا، جلسے کا انعقاد پاک فیڈریشن اٹلی کے سابق صدر اور اٹلی کے معروف بزنس امجد حسین رولیہ نے کیا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاک فیڈریشن اٹلی کے صدر چوہدری بشیر امراء، جنرل سیکرٹری آصف رضا، تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف، پاک کشمیر فاونڈیشن اٹلی کے سرپرست چوہدری شہزاد ساہی، مسلم لیگ ن یورپ کے کوآرڈینیٹر قمر ریاض خان، مسلم لیگ ن اٹلی کے رہنما فیصل محمود چیچی، چوہدری زمان احمد کھٹانہ و دیگر تھے۔

جلسے میں شرکت کرنے کےلیے کمیونٹی کی بڑی تعداد میلان، بریشیا، بلزانو، روم، ناپولی، ویچینزہ سے قافلوں کی صورت میں پہنچی۔ عابد رضا کی جلسہ گاہ آمد پر پھولوں کے گلدستوں اور ڈھول کی تھاپ پر زبردست استقبال کیا گیا۔ جلسے کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی اس محبت کو وہ کبھی نہیں بھول پائیں گے، یہاں عوام کا جم غفیر دیکھ کر محسوس ہورہا ہے کہ یورپ نہیں بلکہ اپنے آبائی حلقے میں جلسے سے خطاب کررہا ہوں۔ انہوں نے چوہدری امجد رولیہ، چوہدری بشیر امراء، چوہدری آصف رضا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخصیات اٹلی میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے ہی نہیں بلکہ ہمارے خاندان کے لیے بھی قابل احترام ہیں، امجد رولیہ نے ہمیشہ بھائیوں کی طرح خوش آمدید کہا ہے اور ان سے یہ محبت اور بھائی چارہ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے آغاز پر معلوم نہیں تھا کہ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے اسمبلی میں جائوں گا اور گجرات کے طاقتور ایوانوں کو ہلا کر رکھ دوں گا، گجرات کی سیاست سے چوہدری برادران کو مائنس کردیں تو نہ ہی اسلحہ کلچر، نہ ہی تھانہ اور قبضہ کلچر بچے گا۔

عابد رضا نے مزید کہا کہ جب تک ملک کو سوشل ریاست ڈکلیئر نہیں کیا جاتا ہماری ترجیحات عوام نہیں ہوگی، قوم کو قوم بنانے والا، ایٹم قوت بنانے اور ایٹم بم چلا کر ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے والا سیاستدان ہی ہے تاہم سیاستدانوں کو الزامات لگا کر جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے یا ملک بدر ہونے پر مجبور کردیا جاتا ہے۔قوم اپنی سمت کا تعین نہیں کرے گی تو نہ صرف ملک بلکہ ملک سے باہر بھی پسے ہوئے رہیں گے۔

چوہدری امجد حسین رولیہ نے عابد رضا کو اٹلی آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ کوٹلہ برادران کی صرف ضلع گجرات ہی نہیں بلکہ اٹلی میں بھی فیڈریشن کے قیام اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود میں گراں قدر خدمات ہیں۔

پاک فیڈریشن اٹلی کے صدر بشیر امراء نے کہا کہ عابد رضا کا خاندان ضلع گجرات کی سیاست میں اپنا علیحدہ مقام رکھتا ہے، جس طرح کوٹلہ برادران نے پرتشدد حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے علاقے کو ترقی دی ہے اس پر سلام پیش کرتا ہوں۔ جلسے میں دوردراز سے آنے والوں نے ثابت کردیا ہےکہ وہ عابد رضا اور امجد حسین رولیہ سے کتنی محبت رکھتے ہیں۔

پاک فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری آصف رضا نے کہا کہ اپوزیشن میں ہونے کے باوجود عابد رضا نے کمیونٹی کے مسائل کی آواز پارلیمنٹ میں اٹھانے کا وعدہ کیا یے، اٹلی میں بھی کوٹلہ برادران کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف نے کہا کہ عابد رضا کی خدمات کے بعض ہی حلقے کی عوام ان کے ساتھ کھڑی ہے جو کہ ان کی فتوحات کا باعث بنتی ہے۔ جلسے کے اختتام پر محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کیلے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

تصویری جھلکیاں

Leave A Reply

Your email address will not be published.