جرمنی میں تارکین کا رش بڑھ گیا، سینکڑوں ڈیپورٹ کرنے کی بھی تیاری

0

برلن: جرمنی میں اس سال کے دوران سیاسی پناہ طلب کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 35 فیصد زائد درخؤاستیں جمع کروائی گئی ہیں، دوسری جانب حکومت نے ایک ایشیائی ملک کے سینکڑوں ناکام درخواست گزاروں کو ڈیپورٹ کرنے کی تیاری بھی مکمل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جرمنی میں رواں سال ستمبر کے آخر تک سیاسی پناہ کی ایک لاکھ سے زائد درخواستیں دائر کی گئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 35 فیصد زائد ہیں۔ جرمن حکام کے مطابق جنوری سے ستمبر تک ایک لاکھ سے زائد تارکین نے سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کروائیں، جو کسی بھی دوسرے یورپی ملک سے زیادہ ہیں۔ اس کے بعد 54 ہزار درخواستوں کے ساتھ فرانس دوسرے اور 42 ہزار درخواست دہندگان کے ساتھ اسپین تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف جرمنی نے ان سینکڑوں بنگلہ دیشیوں کو ڈیپورٹ کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہوچکی ہیں، ویزا پابندیوں کے خدشے پر بنگلہ دیش کی حکومت اپنے ملک کے ناکام درخواست گزاروں کو واپس لینے کیلئے تیار ہوگئی ہے، اور اگلے چند ہفتوں میں بنگلہ دیش میں بڑی تعداد میں ڈیپورٹیز بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: نیا روٹ کھلنے سے جرمنی میں دھڑا دھڑ تارکین داخل ہونے لگے

تارکین سے متعلق خبریں دینے والی ویب سائٹ ’’انفو مائیگرینٹ‘‘ کے مطابق بنگلہ دیشی میڈیا میں اس حوالے سے رپورٹس شائع ہوئی ہیں، جرمنی میں بنگلہ دیش کے سفیر مشرف حسین نے تصدیق کی ہے کہ ان کے شہریوں کو ڈیپورٹ کرنے کا عمل شروع ہونے جارہا ہے۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں اس حوالے سے بڑھا چڑھا کر رپورٹیں دی جارہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش نے یورپی یونین کے ساتھ معاہدہ پر دستخط کررکھے ہیں، جس کے تحت ہم پناہ میں ناکام اپنے شہریوں کو واپس لینے کے پابند ہیں، اگر ہم اس کی پابندی نہ کریں، تو ہمارے اوپر ویزا پابندیاں لگ سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرین میں چھپ کر اٹلی سے جرمنی جانے والے تارکین کو بچوں نے پھنسادیا

انہوں نے بتایا کہ معاہدے کے بعد سے جرمن حکام کی جانب سے 816 افراد کو سفری دستاویزات دینے کیلئے رابطہ کیا جاچکا ہے، اور ان میں سے متعدد کو پہلے ہی ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے، جرمنی اب 800 سے زیادہ تارکین وطن کو بنگلہ دیشں ڈیپورٹ کرنے جارہا ہے، ان میں سے 62 تارکین 26 اکتوبر کو ڈیپورٹ کئے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.