خودکشی کی کوشش، نویں منزل سے چھلانگ لگانے والا کہاں اٹک گیا؟

0

نیو جرسی: آسمان سے گرا اور کھجور میں اٹکا، والا محاورہ تو آپ نے سن رکھا ہوگا، لیکن امریکہ میں 9 وین منزل سے گرا اور کار میں اٹکا والا معاملہ ہوگیا ہے، بظاہر ایشیائی نقوش کے حامل شخص نے خود کشی کی نیت سے چھلانگ لگائی، لیکن وہ زمین کے بجائے کار میں آگرا۔

 یہ واقعہ امریکی شہر نیو جرسی میں پیش آیا ہے، جہاں 31 سالہ شخص جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، اس نے 26 جرنل اسکوائر میں واقعہ ایک بلند و بالا عمارت کی 9 ویں منزل سے چھلانگ لگادی، 100 فٹ سے زائد بلندی سے وہ نیچے کودا تو وہاں بی ایم ڈبلیو کار کھڑی تھی، مذکورہ شخص کار کی چھت پر گر کر اس کی فرنٹ سیٹ پر آپڑا، وہاں موجود لوگوں نے پہلے تو اس کے کار پر گرنے سے آنے والی آواز سنی اور یہی سمجھے کہ کوئی بھاری چیز اوپر سے کار پر گری ہے، لیکن اگلے ہی لمحے انہیں کار سے زخمی حالت میں ایک شخص کراہتا ہوا، باہر نکلتا دکھائی دیا، برطانوی اخبار ’’میل‘‘ کے مطابق اس سے پہلے لوگ اس شخص سے کوئی سوال کرتے، یہ خود ہی لوگوں سے پوچھنے لگا کہ کیا ہوا ہے؟۔ وہ اٹھنے کی کوشش کررہا تھا، جبکہ وہاں جمع افراد نے اسے لیٹے رہنے کو کہا، کیوں کہ اس کی حالت خراب تھی، مذکورہ شخص یہ کہتا رہا کہ اسے تنہا چھوڑ دیا جائے، اور وہ جینا نہیں چاہتا، وہاں موجود 21 سالہ لڑکی کرسٹینا اسمتھ کا کہنا ہے کہ پہلے تو وہ سمجھی کہ کوئی پرندہ کار پر گرا ہے، لیکن جب اس نے زخمی شخص کو دیکھا تو فوری ایمرجنسی نمبر 911 پر فون کرکے  حکام کو اطلاع دے دی۔

اس شخص کا دایاں بازو ٹوٹ چکا تھا، جسے وہ تھامے اٹھنے کی کوشش کررہا تھا، لیکن اسے مشکل ہورہی تھی، اس کا ماسک بھی خون آلود ہورہا تھا، جرسی شہر کی ترجمان کمبرلی ویلس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، لیکن اس کی حالت تشویشناک ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس تحقیقات کررہی ہے، لیکن اس میں کوئی مشکوک بات سامنے نہیں آئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.