ویکسین لگواؤ، بونس پاؤ، یورپی ملک کی پرکشش اسکیم
برن: کرونا کی وبا سے شہریوں کو بچانے کے لئے انہیں ویکسین لگوانے پر تیار کرنا اب بھی مسئلہ بنا ہوا ہے، اور ہر ملک میں ایسے لوگ پائے جاتے ہیں، جو ویکسین لگوانے کو تیار نہیں، ایسے میں امیر یورپی ملک نے انوکھی اسکیم تیار کی ہے، جس میں ویکسین پر بونس کی پیش کش کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق یورپ سمیت دنیا کے امیرترین ممالک میں شمار ہونے والے سوئٹرزلینڈ میں حکومت کو زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگانے کی مہم کا چیلنج درپیش ہے، اور سوئس عوام کا ایک حصہ بھی ویکسین لگوانے میں دلچسپی نہیں لے رہا ہے، یورپی ممالک میں ویکسین کی سب سے کم شرح سوئٹزرلینڈ میں ہے، ایسے میں حکومت نے ’’ویکسین بونس ‘‘ اسکیم تیار کی ہے، سوئس وزیر صحت ایلن برسٹ نے اس اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حکومت ہر اس شہری کو 50 فرانک کا بونس دےگی، جو ویکسین نہ لگوانے والے کسی فرد کو ویکسین لگوانے پر تیار کرےگا، حکومت اس بونس کے لئے 150 ملین فرانک فراہم کرے گی۔
جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگوانے کی طرف مائل کرنا ہے، یہ بونس خریداری واوچر کی صورت میں دیا جائے گا، وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت ہر ہفتہ صرف کرونا کی ٹیسٹنگ پر 50 ملین فرانک خرچ کررہی ہے، واضح رہے کہ کرونا کا ٹیسٹ زیادہ تر انہیں کرانے کی ضرورت پڑرہی ہے، جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ، سوئس وزیر صحت کا کہنا تھا کہ بونس کی ترغیب کے ساتھ حکومت نے ویکسین کی شرح بڑھانے کے لئے قومی ہفتہ منانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جس کے دوران موبائل یونٹس مختلف علاقوں میں ویکسین لگانے کے لئے بھیجے جائیں گے، اس کے لئے 170 بسیں خصوصی طور پر تیار کی گئی ہیں، یہ موبائل یونٹس ایسے مقامات پر بھیجے جائیں گے، جہاں لوگ بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں، ان میں شاپنگ سینٹرز، دیہات کے چوک، فٹبال اسٹیڈیمز کے باہر اور دیگر ایسے مقامات شامل ہیں۔