تارکین نے برطانیہ کو پریشان کردیا، وزیراعظم کو بیان دینا پڑگیا

0

لندن: الٹی ہوگئیں سب تدبیریں، کچھ نہ دوا نے کام کیا، روکنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود تارکین وطن نے برطانیہ کو پریشان کردیا، صرف ایک دن میں تارکین کی اتنی بڑی تعداد برطانیہ پہنچنے میں کامیاب ہوگئی کہ وزیراعظم بورس جانسن کو اس معاملے پر بیان دینے اور پڑوسی ملک سے مدد مانگنے کی ضرورت پڑگئی۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں وزیراعظم بورس جانسن کی حکومت غیر قانونی تارکین وطن کے معاملے پر سخت موقف کی حامل ہے، اور وزیرداخلہ پریتی پٹیل بالخصوص انگلش چینل کے ذریعہ برطانیہ آنے والے تارکین کو روکنے کے لئے مسلسل سرگرم رہتی ہیں، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ سب تدبیریں بغیر دستاویز کے تارکین کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوپارہیں، اسکائی نیوز کے مطابق اتوار کو صرف ایک دن میں ایک ہزار تارکین وطن فرانس سے انگلش چینل پار کرکے برطانوی ساحل پر پہنچے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، یہ ایک دن میں تارکین کی سب سے زیادہ آمد ہے، اس سے پہلے 21 اگست کو 828 تارکین برطانیہ پہنچے تھے۔

اس معاملے پر برطانوی پارلیمان میں بھی بات کی گئی ، اور ایم پی جیکب ینگ کے سوال پر وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ وزیرداخلہ پریتی پٹیل فرانس سے تارکین کا داخلہ روکنے کیلئے دن رات کام کررہی ہیں، انہوں نے فرانس پر زور دیا کہ وہ تارکین کو روکنے کے لئے کوششیں تیز کرے، اس سال کے دوران اب تک انگلش چینل کے ذریعہ ساڑھے12 ہزار تارکین برطانیہ پہنچ چکے ہیں، جبکہ پچھلے پورے سال میں یہ تعداد 8 ہزار 417 تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.