وزیراعظم نے کھاریاں موٹروے کی تعمیر کا افتتاح کردیا، کہاں سے گزرے گا؟

0

کھاریاں: سیالکوٹ کھاریاں موٹروے پر کام کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے موٹروے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا، منصوبہ کتنے عرصے میں مکمل ہوگا اور کہاں کہاں سے گزرے گا، کل لمبائی کتنے کلومیٹر ہوگی، منصوبے پر لاگت کتنی آئے گی، تفصیلات سامنے آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، منصوبہ فوج کا ادارہ ایف ڈبلیو او پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت تعمیر کرے گا، موٹروے کی کل لمبائی 69 کلومیٹر ہوگی، جس میں 60 کلومیٹر مرکزی موٹروے اور 9 کلومیٹر کے لنک ایکسپریس وے شامل ہیں، یہ سمبڑیال میں لاہور سیالکوٹ موٹروے کے اختتامی مقام سے شروع ہوگا اور کھاریاں میں جی ٹی روڈ پر آکر ختم ہوگا۔ بعد ازاں دوسرے مرحلے میں اسے اسلام آباد تک توسیع دی جائے گی، جس کیلئے فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری شروع کردی گئی ہے، منصوبے پر 43 ارب 38 کروڑ لاگت آئے گی، جن میں سے 56 فیصد ایف ڈبلیو او اور باقی حکومت فراہم کرے گی۔ موٹروے اسٹرکچر چھ لین کے لئے تیار کیا جائے گا، لیکن شروع میں چار لین تعمیر کی جائیں گی، اور دو لین کی توسیع کی جگہ چھوڑ دی جائے گی، دو ٹول پلازہ، پانچ انٹرچینج اور سروس ایریا منصوبے کا حصہ ہیں اور یہ 30 ماہ میں مکمل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:گجرات، جہلم اور گجرخان والوں کیلئے خوشخبری، اب انہیں بھی ملے گا آرام دہ سفر

موٹر وے گجرات کے گنجان آباد علاقوں جلالپور جٹاں، پیرو شاہ، دولت نگر اور گلیانہ سے گزرتے ہوئے کوٹلی بھر کے مقام پر جی ٹی روڈ سے آملے گا۔

منصوبے سے اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ سمجھے جانے والے علاقوں کھاریاں، گجرات، سرائے عالمگیر اور آگے جہلم و منڈی بہاؤالدین تک کے لوگوں کے لئے لاہور اور سیالکوٹ کے ائیر پورٹس تک تیز رسائی ممکن ہوجائے گی، سنگ بنیاد تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے بننے سے فاصلہ سمٹ جائے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت صنعتی ترقی پر توجہ دی رہی ہے، اس کے بغیر قرضوں سے نجات ممکن نہیں، موٹروے منصوبہ علاقے میں صنعتی ترقی بھی لائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:کھاریاں موٹروے منصوبہ کا ٹھیکہ جاری، تعمیر کیلئے سرگرمیاں تیز ہوگئیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.