کھاریاں موٹروے منصوبہ کا ٹھیکہ جاری، تعمیر کیلئے سرگرمیاں تیز ہوگئیں

0

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کے لئے خوشخبری، سیالکوٹ ، کھاریاں، راولپنڈی موٹروے منصوبہ بالاخر تعمیر کے مرحلے کے قریب آگیا ہے، موٹروے کی تعمیر سے اوورسیز پاکستانیوں کا گڑھ سمجھے جانے والے اضلاع گجرات، منڈی بہاوالدین، جہلم کے لوگوں کو فائدہ ہوگا، اور وہ تینوں ائرپورٹس پر آسان اور تیز رفتار رسائی حاصل کرسکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سابقہ حکومتوں کی جانب سے تاریخی جی ٹی روڈ کو نظر انداز کرنے کا نوٹس لیا تھا، حالاں کہ پنجاب اور ملک کی آبادی کا بڑا حصہ لاہور اور روالپنڈی کے درمیان آباد ہے، اور یہ پاکستان کاگنجان ترین علاقہ ہے، اس کے علاوہ اس روٹ پر گجرات ، لالہ موسیٰ ، کھاریاں، سرائے عالمگیر، جہلم ،دینہ اور گجرخان پڑتے ہیں، جبکہ منڈی بہاوالدین کے اوورسیز پاکستانی بھی اسلام آباد اور سیالکوٹ ائر پورٹ جانے کے لئے یہی روٹ استعمال کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے اس علاقے کے عوام بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے سیالکو ٹ موٹر وے کوراولپنڈی سے جوڑنے کے منصوبے کی منظوری دی تھی، جس میں وزیراطلاعات فواد چوہدری کی کاوشیں بھی شامل رہیں، پہلے مرحلے میں یہ موٹر وے سیالکوٹ سے کھاریاں تک بنایا جائےگا، اور دوسرے مرحلے میں اسے راولپنڈی تک توسیع دی جائےگی۔

منصوبہ تعمیر کے قریب

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کے لئے پاک فوج کے ذیلی ادارے فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کو ٹھیکہ دے دیا ہے، یہ موٹروے لاہو ر سیالکوٹ موٹروے کے اختتامی مقام سمبڑیال سے شروع ہوگا، اور پہلے مرحلے میں کھاریاں تک تعمیر کیا جائے گا، 69 کلومیٹر طویل موٹروے بی او ٹی کی بنیاد پر تعمیر کیا جائے گا۔

منصوبے کے لئے زمین حکومت خرید کر فراہم کرے گی، جبکہ موٹروے ایف ڈبلیو او تعمیر کرے گی، اور وہ معاہدہ کے مطابق مخصوص مدت کے لئے ٹول ٹیکس وصول کرے گی ، جس کے بعد موٹروے حکومت کے حوالے کردی جائے گی، ذرائع کے مطابق موٹروے کی دونوں اطراف دو دو لائنیں تعمیر کی جائیں گی، جبکہ تیسری لائن کے لئے جگہ چھوڑی جائے گی، تاکہ مستقبل میں ضرورت پڑنے پر اسے توسیع دی جاسکے، منصوبے کے لئے زمین کی خریداری کا عمل شروع ہونے جارہا ہے، پنجاب کا محکمہ ریونیو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ مل کر زمین حاصل کرے گا،جس کے لئے سمبڑیال ، گجرات اور کھاریاں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت جاری کردی گئی ہے،

موٹروے پر گجرات کی حدود میں 5 انٹر چینج تجویز کئے گئے ہیں، ان میں جلالپور جٹاں، پیرو شاہ، دولت نگر، گلیانا اور کھاریاں شامل ہے، جبکہ دو ٹول پلازہ اور سروس ایریاز بھی اس میں شامل ہوں گے، منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 44 ارب لگایا گیا ہے، موٹروے دریائے چناب اور نہر اپر چناب کے اوپر سے بھی گزرے گا، اس کے علاوہ کئی برساتی نالوں کے لئے بھی پل تعمیر کئے جائیں گے، ایف ڈبلیو نے منصوبے کی تعمیر کے لئے مشینری کو نقل وحرکت دینا شروع کردی ہے،

Leave A Reply

Your email address will not be published.