اٹلی میں مہنگائی کا 8 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

0

روم: دنیا بھر میں جاری مہنگائی کی لہر سے اٹلی بھی مسلسل متاثر ہورہا ہے، اور مہنگائی کا آٹھ سالہ ریکارڈ ٹو ٹ گیا ہے، اگست میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوا ہے، اطالوی شماریاتی ادارہ نے رپورٹ جاری کردی، دوسری طرف اطالوی معیشت کی بحالی بھی تیز ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے سرکاری شماریاتی ادارہ ISTAT نے افراط زر کے حوالے سے اگست کی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق اگست میں افراط زر کی شرح 2.1 فیصد رہی ، جو جولائی میں 1.9 فیصد تھی، اس سے پہلے جنوری 2013 میں افراط زر 2.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا تھا، اس طرح 8 برسوں بعد مہنگائی کی شرح اتنی بڑھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ توانائی میں دیکھنے میں آیا ہے، توانائی (تیل ، بجلی ، گیس وغیرہ) کے شعبے میں افراط زر 19.8 فیصد رہا، جو جولائی میں 18.6 فیصد تھا، خوراک سمیت عام استعمال کی چیزوں کی قیمت میں 0.8 سے 2 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ نے اطالوی معیشت کے حوالے سے بھی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی میں جی ڈی پی میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ برس کے مقابلے میں یہ اضافہ 17 فیصد سے بھی زائد رہا ، 1995 کے بعد جی ڈی پی میں یہ پہلا بڑا اضافہ ہے، جو اطالوی معیشت کی بحالی کا مضبوط اشارہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.