اطالوی شہر وینس کے چاہنے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی
وینس: دنیا بھر کے سیاحوں میں مقبول اطالوی شہر وینس کے چاہنے والوں کے لئے اچھی خبر ہے، اطالوی حکومت نے وینس میں سیاحوں کے رش پر قابو پانے کے لئے سامنے آنے والی تجاویز رد کردی ہیں ، جس کے بعد فی الحال وینس جانے پر روک ٹوک اور اضافی خرچے کا امکان نہیں رہا۔
تفصیلات کے مطابق پانیوں کے شہر وینس میں سیاحوں کے رش سے نمٹنے کے لئے اطالوی حکام نے ایک منصوبہ تیار کیا تھا، جس کے تحت شہر میں گھومنے پھرنے جانے والے سیاحوں سے فیس وصول کی جانی تھی، اور فیس کا تعین رش دیکھ کر کیا جاتا، اسی طرح شہر کے داخلی مقامات پر ریوالونگ گیٹ لگانے کا بھی پروگرام بنایا گیا تھا، اس تجویز کی وینس کے مئیر نے مخالفت کی تھی، اور انہیں کامیابی ملی ہے۔
اب اطالوی وزیرثقافت Dario Franceschini نے اعلان کردیا ہے کہ وینس میں داخلے کے لئے انٹری فیس یا وہاں ریوالونگ گیٹ نہیں لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمیں وینس میں رش کو کم کرنے کے لئے کام کرنا ہے، لیکن انٹری فیس نہیں لگائیں گے، انہوں نے کہا کہ رش سے نمٹنے کے حوالے سے ہم نے فیصلے کا اختیار وینس کے مئیر کو دے دیا ہے، وینس صرف سیاحتی شہر ہی نہیں، بلکہ یہ دنیا کا ثقافتی مرکز بھی ہے، جو ماضی ، حال اور مستقبل کا عکاس ہے۔