تارکین وطن مخالف سمجھے جانے والے اطالوی لیگا پارٹی کے رہنما ماتیو سالوینی نے حکومت کو نیا الٹی میٹم دے دیا مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں حکومت کی حمایت سے دستبردار ہونے کی وارننگ دے دی ہے، واضح رہے کہ ماتیو سالوینی وزیراعظم ماریودراغی کی حکومت کا اہم حصہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اطالوی لیگا پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ سالوینی نے اٹلی میں افریقہ سے مسلسل مہاجرین کی کشتیوں کی آمد پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ میں نے وزیراعظم ماریو دراغی سے کہا ہے کہ وہ یہ مسئلہ حل کریں اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی تارکین وطن کی آمد ہمارے لیے ناقابل قبول ہے، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو اگست کے اختتام تک کی مہلت دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیر داخلہ اس معاملے کو حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں تو وزیراعظم اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں کشتیوں کے ذریعے تارکین کی مسلسل آمد تشویش کا باعث ہے ہمیں اس سلسلے کو روکنا ہوگا اگر تارکین وطن کی غیرقانونی امد کو روکنے کے لیے ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاتا تو حکومت کی حمایت جاری رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ سالوینی اگر حکومت کی حمایت واپس لے لیتے ہیں تو بھی فوری طور پر وزیراعظم ماریو دراغی کی حکومت گرنے کا خطرہ نہیں ہوگا۔