پابندی کے دوران یواے ای واپسی کیلئے نیا راستہ کھل گیا

0

دبئی: متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل رکھنے کےباعث چھٹی پر آئے ہوئے ہزاروں پاکستانی ورکرز پھنسے ہوئے ہیں، اور وہ واپس ملازمتوں پر پہنچنے کے لئے مختلف روٹس تلاش کرنے کی کوشش میں رہتے ہیں، ایسا ہی ایک پاکستانی ورکر وسط ایشیائی ریاست کا روٹ استعمال کرکے یو اے ای واپس پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔

فیاض منیر نامی پاکستانی ورکر نے کرغیزستان کے ذریعہ واپسی کاسفر طے کیا، اور وہ کرغیزستان کی خوبصورتی سے بھی بہت متاثر ہوئے ہیں، فیاض منیر کے علاوہ اور بھی بہت سے پاکستانی ، انڈین اور دیگرپابندی والے ممالک کےورکر ز وسط ایشیائی ریاستوں کے ذریعہ یواے ای واپس آئے ہیں، یو اے ای نے ان ملکوں میں 14 روز گزار کر آنے والوں کو واپسی کی اجازت دے رکھی ہے، فیاض منیر نے اپنی واپسی کی کہانی خلیج ٹائمز کو سنائی ہے، رپورٹ کے مطابق فیاض جو الورقہ میں سینئیر اکاوئنٹنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں، جلد دبئی واپس پہنچنا چاہتے تھے، وہ کہتے ہیں میں نے اپنے ٹریول ایجنٹ سے مشورہ کیا، اور کرغیزستان مجھے واپسی کے لئے اچھا آپشن لگا، کیوں کہ وہاں 14 روز گزارنے کے اخراجات مناسب تھے۔

اسلام آباد سے بشکک

فیاض نے کرغیزستان کے ویزے کے لئے آن لائن اپلائی کیا، جس کی فیس 700 درہم کے برابر تھی، اس کے ساتھ دبئی کے ائرٹکٹ اور بشکک میں ہوٹل بکنگ کی کاپی لگائی ، اور کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی بھیجی ، ویزا ملنے کے بعد فیاض نے 11 جون کو اسلام آباد سے بشکک کے لئے پرواز کی، جس میں ان کی طرح یو اے ای آنے والے کچھ اور پاکستانی بھی موجود تھے، اسلام آباد سے بشکک کا یکطرفہ ٹکٹ 1600 درہم کے برابر تھا، حالاں کہ یہ پرواز دو گھنٹے کی ہوتی ہے، لیکن چوں کہ قطر اور ترکش ائر اسلام آباد اور بشکک کے درمیان پروازیں چلاتی ہیں، اور ان کی پروازیں براہ راست نہیں ہوتیں بلکہ اپنے مراکز سے ہوکر آتی ہیں، اس لئے سفر میں بھی 10 گھنٹے لگ جاتے ہیں، 14 روز بشکک میں گزارنے کے بعد وہاں سے دبئی کی پرواز کا ٹکٹ بھی ایک ہزار درہم کے برابر ہوتا ہے۔

بشکک کیسا ہے؟

فیاض منیر نے دوسرے پاکستانیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بشکک جاتے ہوئے ڈالر اور کرغیز کرنسی سوم اپنے ساتھ رکھیں، کیوں کہ وہاں یہی دو کرنسیاں چلتی ہیں، بشکک ائر پورٹ سے شہر کے مرکز تک ٹیکسی 22 درہم کے برابر کرایہ لیتی ہے، ائرپورٹ سے ہی آپ کو 25 درہم کی سم مل جاتی ہے، جس میں لامحدود انٹرنیٹ کنکٹویٹی شامل ہوتی ہے، بشکک میں آپ کو رہائش کے لئے بہت سے آپشن دستیاب ہوتے ہیں، ایک اچھی صاف ستھری رہائش 14 روز کے لئے 250 درہم تک میں مل جاتی ہے، وہاں کھانے کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے، پاکستانی ، انڈینز اور بنگلہ دیشی طلبا بڑی تعداد میں زیر تعلیم ہیں، اور ان کے لئے پاکستانی کھانوں کے ریستوران بھی موجود ہیں، یومیہ کھانے کا خرچہ تقریبا ً50 درہم تک ہوسکتا ہے۔

بشکک سے دبئی

بشکک میں 14 روز مکمل کرنے کے بعد آپ کو دبئی واپسی کے لئے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریزیڈنسی اینڈ فارنرز افئیر (جی ڈی آر ایف اے) اور ابوظہبی کے لئے آئی سی اے کو انٹری پرمٹ کی آن لائن درخواست دینی ہوتی ہے، جس کی منظوری کے بعد واپسی کا راستہ کھل جاتا ہے، اس کے علاوہ بشکک میں کرایا گیا کرونا ٹیسٹ جس پر تقریبا ً65 درہم خرچہ آتا ہے ، وہ لگانا ہوتا ہے، اس کےبعد آپ واپس دبئی یا ابوظہبی آسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.