برطانیہ میں کرونا پابندیوں سے آزادی کے دن کا اعلان

0

لندن: برطانیہ میں کرونا پابندیوں سے آزادی کے دن کا اعلان کردیا گیا، جسے برطانوی میڈیا نے ’’بگ بینگ‘‘ سے تعبیر کیا ہے، بھارتی ڈیلٹا وائرس کے باوجود پابندیوں کے خاتمے کے اعلان کو دلیرانہ اقدام قرار دیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک برس سے زائد عرصہ تک کرونا کی پابندیوں میں جکڑے رہنے کے بعد بالاخر برطانیہ میں آزادی کے دن کا اعلان کردیا گیا ہے، وزیراعظم بورس جانسن نے ٹین ڈاوننگ اسٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 19 جولائی سے ماسک اور سماجی فاصلے سمیت کرونا کی تمام پابندیاں ختم کردی جائیں گی، انہوں نے یہ اعلان ایسے موقع پر کیا ہے، جب ڈیلٹا وائرس کے بڑھے کیسز کی وجہ سے ہفتہ وار کیس 27 ہزار تک پہنچ گئے ہیں، خود وزیراعظم نے تسلیم کیا کہ ہفتہ وار کرونا کیس 50 ہزار تک پہنچ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ کرونا کی وبا 19 جولائی کو ختم نہیں ہوجائے گی، لیکن اب حکومت پابندیوں کا کوئی حکم جاری نہیں کرے گی، لوگوں کو خود اپنی دانش کا احساس کرتے ہوئے جہاں ضروری ہو احتیاط کرنی ہوگی، انہوں نے کہا کہ ہمیں متوازن فیصلے کرنے ہوں گے، اگر اب بھی ہم نے اپنے معاشرے کو نہ کھولا تو کب حالات کو معمول پر آنے کی اجازت دیں گے؟۔

بورس جانسن نے کہا کہ ویکسین کی دونوں خوارکیں لگوانے والے اگر کسی وبا متاثرہ فرد سے رابطے میں آئیں گے، تو انہیں قرنطینہ کرنے کی موجودہ شرط کے بجائے حکومت اسے ٹیسٹ سے تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، تاہم برطانوی وزیراعظم نے امبر لسٹ والے ممالک سے واپس آنے والے شہریوں کے لئے قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کے حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا، اور اس حوالے سے اختتام ہفتہ پالیسی متوقع ہے، تاہم جونسن کا کہنا تھا کہ ریڈ لسٹ ممالک سے لوگوں کی آمد پر پابندی برقرار رکھیں گے، دوسری طرف مئیر لندن صادق خان نے شہر میں چلنے والی ٹیوبز میں ماسک اور فاصلے کی شرط ختم کرنے کے حوالے سے فوری ردعمل سے گریز کیا ہے، جبکہ مانچسٹر کے مئیر اینڈی برنہم نے مطالبہ کیا ہے کہ ان فیصلوں پر نظر ثانی کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.