3 تارکین کا سنگین جرم دیگر کیلئے بھی پریشانی کا سبب بن گیا
ویانا: یورپی ملک آسٹریا میں تین تارکین وطن سنگین جرم میں پکڑے گئے، جرائم پیشہ ذہنیت کے حامل چند تارکین دوسرے لاکھوں تارکین کے لئے بھی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔ حکومت نے واقعہ کے بعد تارکین کے حوالے سے پالیسی مزید سخت کرنے کو فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپی ممالک میں پناہ کے لئے آنے والے لاکھوں تارکین میں چند جرائم پیشہ ذہنیت کے حامل افراد بھی آجاتے ہیں۔ جن کے جرائم کی وجہ سے باقی تارکین بھی بدنام ہورہے ہیں اور دوسری طرف یورپی ممالک کی پالیسی بھی سخت ہوتی جارہی ہے۔ بالخصوص افغان تارکین کے خلاف خواتین سے زیادتی کے واقعات بار بار سامنے آرہے ہیں۔ ایسا ہی واقعہ اب آسٹریا میں پیش آیا ہے۔ جہاں ایک 13 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا۔ اس لڑکی کی لاش پولیس کو ویانا کے علاقے Donaustadt سے ایک درخت کے نیچے سے ملی ہے۔ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنانے سے قبل منشیات دی گئی تھی اور بعد میں اسے قتل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بظاہر ایسا لگتا ہے کہ لڑکی خود افغان تارکین کے فلیٹ میں گئی تھی اور وہ واقعہ میں ملوث ایک کردار کو پہلے سے جانتی تھی۔ پولیس نے اس کیس میں تین افغان تارکین کو گرفتار کرلیا ہے ان میں سے ایک کی عمر سولہ برس۔ دوسرا اٹھارہ جبکہ تیسرا 23 سال کا ہے۔ سولہ اور اٹھارہ سال والے ملزمان نے سیاسی پناہ کی درخواست دے رکھی تھی۔ جبکہ ان کا بڑا ساتھی پہلے سے ڈکیتی سمیت تین کیسز میں ملوث رہ چکا ہے اور اسے پناہ کے کاغذ دینے کے بعد واپس لے لئے گئے تھے لیکن اس کے باوجود وہ آسٹریا میں ہی مقیم تھا۔
ویانا کے پولیس چیف Puerstl Gerhard کا کہنا ہے کہ لڑکی کم عمر افغان تارک وطن کو جانتی تھی اور وہی اسے فلیٹ پر لے کر گیا۔ جہاں لڑکی کو منشیات سے مدہوش کیا گیا۔ دونوں افغان لڑکوں نے پولیس کو بیان نہیں دیا اور انہیں جرمن زبان پر بھی عبور حاصل نہیں۔ اس لئے تفتیش میں مترجم کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جبکہ ان کے بڑے ساتھی نے واقعہ میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔
حکومت کا سخت ردعمل
آسٹریا کے چانسلرSebastian Kurz نے واقعہ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو مثالی سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ ناقابل برداشت ہے کہ لوگ ہمارے پاس پناہ کے لئے آئیں اورپھر ہمارے شہریوں کے خلاف اس طرح کے بیہمانہ جرائم کریں۔ انہوں نے افغان تارکین کانام لے کر کہا کہ ہم انہیں ڈیپورٹ کرنے کا عمل نہیں روکیں گے۔ اور کسی جرائم پیشہ کے لئے ہمارے ملک میں کوئی جگہ نہیں ہے۔