اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی کے چچا کا اہم پیغام پکڑا گیا

0

ریجو ایمیلیا: اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کا پتہ نہیں چل سکا، تاہم پولیس کو دوران تفتیش کچھ ایسی چیزیں مل گئی ہیں، جس سے اطالوی حکام کے مطابق یہ شبہ بڑھ گیا ہے کہ ثمن عباس اب دنیا میں نہیں ہے، اور یہ کہ اس معاملے میں اس کا چچا بھی ملوث ہے۔

دوسری طرف ثمن کے دوست کا بیان بھی پولیس نے قلمبند کرلیا ہے، اور اس میں بھی ایسے ہی اشارے ملے ہیں، تفصیلات کے مطابق اطالوی علاقے ریجو ایملیا کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ 18 سالہ ثمن عباس کی تلاش میں اس کے گھر کے قریب کھیتوں اور کھلیانوں کا چپہ چپہ چھان رہے ہیں، مشتبہ مقامات پر کھدائی کررہے ہیں، لیکن اب تک ثمن کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، البتہ دوران تفتیش انہیں ثمن عباس کے چچا دانش حسین کا اپنے ایک قریبی شخص کو کیا گیا ایک میسج مل گیا ہے، جس سے یہ شبہ بڑھ جاتا ہے کہ ثمن اب دنیا میں نہیں ہے، اطالوی حکام کے مطابق قریبی شخص کے ساتھ چیٹ میں دانش حسین نے لکھا ہے کہ ’’ہم نے اپنا کام بہت اچھے طریقے سے کردیا ہے‘‘۔ ثمن کے چچا دانش بھی پولیس کو تفتیش کے لئے مطلوب 5 افراد میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں پاکستانی لڑکی لاپتہ، اہم شواہد مل گئے، یکجہتی کیلئے اطالوی شہریوں کا مظاہرہ

تاہم پولیس کو اب تک ان میں سے کسی تک رسائی نہیں مل سکی، ثمن کے والدین پاکستان جاچکے ہیں، جبکہ اس کا چچا دانش اور ایک کزن غائب ہیں، ایک کزن اکرام اعجاز اٹلی سے اسپین جارہا تھا۔

جسے یورپی وارنٹ پر فرانسیسی پولیس نے گزشتہ ہفتے گرفتار کرلیا تھا، تاہم اعجاز کو بھی ابھی تک اٹلی واپس نہیں لایا جاسکا، حکام کا کہنا ہے کہ اعجاز کو واپس لانے میں بھی مزید کچھ دن لگ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں لاپتہ پاکستانی لڑکی کی مزید معلومات سامنے آگئیں

ثمن کے دوست کا بیان

اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق ثمن کے دوست کا بیان بھی پولیس نے قلمبند کرلیا ہے، جس میں اس نے بتایا ہے کہ ثمن نے اسے میسجز میں بتایا تھا کہ والدہ سمیت گھر والے اس کے بارے میں کچھ ایسی باتیں کررہے ہیں، جس سے اسے ڈر لگ رہا ہے۔

خیال رہے کہ لاپتہ لڑکی ثمن عباس کے والد شبیر عباس کا بھی بیان سامنے آیا تھا، انہوں نے اطالوی سرکاری خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ان کی بیٹی زندہ ہے، اور وہ بیلجئیم میں ہے، اور وہ ٹھیک ٹھاک ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.