اوورسیز پاکستانیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعہ گھیر کر لوٹنے والا گروپ پکڑا گیا

0

فیصل آباد: جعلی عاملوں نے سوشل میڈیا پیجز بنا کر اوورسیز پاکستانیوں کو بھی لوٹنا شروع کردیا ہے، ایف آئی اے نے فیصل آباد میں چھاپہ مار کر ایک گروہ کو پکڑلیا ہے، ان پیجز پر پرکشش اشتہارات اور ہر مسئلہ کا حل ہونے کے دعوے کرکے لوگوں کو گھیرتے ہیں، اور بھاری رقوم اینٹھ لیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مختلف گھریلو مسائل کا شکار افراد جعلی پیروں اور عاملوں کے ہاتھ چڑھ جاتے ہیں، اور ایسے واقعات آئے روز سامنے آتے رہتے ہیں، تاہم اب ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے انقلاب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ جعلی عامل اور پیر بھی لوگوں کو دھوکہ دینے کے لئے یہ پلیٹ فارم استعمال کرنے لگے ہیں، اور انہوں نے بالخصوص فیس بک پر پیج بنالئے ہیں، جہاں ان کا ہدف اوورسیز پاکستانی بھی بن رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک گروہ نے اوورسیز پاکستانی خاتون کو 78 لاکھ روپے کا ٹیکہ لگادیا، جس پر خاتون نے ایف آئی اے سے شکایت کردی، شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی اے نے فیصل آباد میں چھاپہ مار کر اوورسیز پاکستانیوں سے فراڈ کرنے والے جعلی عاملوں کے گروہ کے 7 کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

جن میں سرغنہ ناصر حسین بھی شامل ہے، تاہم ان کے مزید 3 ساتھی فرار ہیں، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گروہ کی گرفتاری کے لئے مدینہ ٹاؤن میں چھاپہ مارا، جہاں سے آلات بھی برامد کئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ گروہ آن لائن استخارہ، جادو ٹونہ اور دیگر مسائل کے حل کے نام پر 9 سوشل میڈیا پیج چلا رہا تھا، ملزمان سے 71 لاکھ روپے کی ریکوری کرلی گئی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.