ویڈیو کے 3 ماہ بعد دبئی کی شہزادی کی تصاویر سامنے آگئیں

0

دبئی: تین ماہ قبل دھماکہ خیز ویڈیو جاری کرنے والے دبئی کے حکمران کی صاحبزادی شیخا لطیفہ کی پہلی بار حکام تصاویر سامنے لے آئے ہیں، جن کے بعد شہزادی لطیفہ کی زندگی کے حوالے سے پھیلائی گئی افواہوں اور خدشات نے دم توڑ دیا ہے، خیال رہے اماراتی حکام پر اس حوالے سے شدید دباؤ تھا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کے حکمران شیخ محمد المکتوم کی بظاہر ناراض صاحبزادی شہزادی شیخا لطیفہ اس وقت سے عالمی تنظیموں اور میڈیا کی دلچسپی کا مرکز چلی آرہی ہیں، جب تین برس قبل 2018 میں والد سے اختلافات کے بعد انہوں نے ایک کشتی پر ملک سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی، لیکن اطلاع ملنے پر یواے ای حکام نے بھارت کی مدد سے انہیں بھارتی حدود میں پکڑ لیا تھا،اور انہیں واپس دبئی لایا گیا، اس کے بعد سے وہ منظر سے غائب رہیں، لیکن تین ماہ قبل ایک بار پھر اچانک ان کی ایک ویڈیو سامنے آئی، جو انہوں نے بظاہر چھپ کر بنائی تھی، اس ویڈیو میں شہزادہ لطیفہ نے کہا تھا کہ وہ ایک ولا میں یرغمال ہیں، ان کی کھڑکیاں بھی بند رکھی گئی ہیں، اور ہر وقت ان کے ساتھ نگران موجود ہوتی ہیں، پولیس بھی تعینات ہے۔

شیخا بنت محمد المخدوم کی جاری ہونے والی نئی تصویر جس میں وہ ایک شاپنگ مال میں نظر آرہی ہیں

شیخا لطیفہ کا کہنا تھا کہ انہیں فون سمیت مواصلاتی سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے، انہوں نے ویڈیو میں اپنی زندگی کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا تھا، ان کی اس ویڈیو کے بعد اقوام متحدہ سمیت کئی تنظیموں نے مطالبہ کیا تھا کہ شہزادہ لطیفہ کو سامنے لایا جائے، اور ان کی زندگی کا ثبوت دیا جائے، اب ویڈیو کے تین ماہ بعد شہزادہ لطیفہ کی دبئی کے حکام کی منظوری سے تصاویر سامنے آئی ہیں، جن میں وہ اپنی دو دوستوں کے ہمراہ ایمریٹس شاپنگ مال میں نظر آرہی ہیں، یہ تصاویر شہزادی کے ساتھ موجود ان کی سہیلی نے اپنے انسٹا گرام اکاوئنٹ پر لگائی ہیں، تصاویر سامنے آنے کے بعد ان تنظیموں نے کچھ اطمینان کا اظہار کیا ہے، جو ان کی زندگی کےحوالے سے خدشات کا شکار تھیں، ’’فری لطیفہ کمپین ‘‘ کے ڈیوڈ ہیگ کا کہنا ہے کہ کچھ اچھی پیشرفت ہوئی ہے، لیکن وہ اس وقت اس سے زیادہ کچھ نہیں کہنا چاہتے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.