اٹلی میں کرونا پابندیاں اٹھانے کا شیڈول تیار، کب کیا کھلے گا، جانئے

0

روم: اٹلی میں بالاخر ایک برس سے زائد عرصہ کے بعد کرونا پابندیاں مکمل ختم کرنے کی تیاری کرلی گئی، وزیراعظم ماریو دراغی نے اصولی طور پر شیڈول کی منظوری دے دی ہے، کب کون سی پابندی ختم کی جائے گی، اس حوالے سے طے کرلیا گیا ہے.

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ماریو دراغی کی زیر صدارت اجلاس میں کرونا پابندیاں بتدریج ہٹانے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق رات کا کرفیو 21 جون سے مکمل ختم کردیا جائے گا، جبکہ اس سے پہلے 7 جون سے کرفیو رات 10 کے بجائے 11 بجے سے لگایا جائے گا، تاہم فرولی، سردانیہ اور مولیزے میں کرفیو یکم جون سے ہی مکمل طور پر اٹھا لیا جائے گا، اسی طرح اگر کرونا کی موجود صورتحال برقرار رہتی ہے، تو وینیتو، لگویریا اور ابریزو میں بھی 7 جون سے کرفیو مکمل ختم کردیا جائے گا، البتہ ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کی شرط فی الحال لاگو رہے گی۔ کرونا سے متعلق قائم کئے سرکاری کنٹرول روم نے اٹلی میں یکم جون سے بار اور ریستورانز میں انڈور سروس شروع کرنے اور 24 مئی سے جم کھولنے کی بھی سفارش تیار کرلی ہے۔

کرونا وبا کی وجہ سے نافذ رات کے کرفیو کے درمیان میلان شہر کا نظارہ

اسی طرح انڈور سوئمنگ پول یکم جولائی سے کھولنے کی تجویز ہے، شاپنگ مالز ،مارکیٹیں اور سکئی لفٹس 22 مئی کھولنے کا روڈ میپ تیار کیا گیا ہے، جبکہ ویکسین لگوانے والے افراد یا ٹیسٹ کے ساتھ 15 جون سے شادی تقریبات میں شرکت کی اجازت ہوگی، تھیم پارک 15 جون اور کھیلوں کے مقابلے شائقین کیلئے 25 فیصد گنجائش کے ساتھ یکم جون سے کھولنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے، یکم جولائی سے کیسینو، بنگو ہالز، جوا خانہ، ثقافتی مراکز، سماجی سینٹرز کھولنے کی تجویز ہے، ان سفارشات کی باضابطہ منظوری اب اطالوی کابینہ دے گی، وزیراعظم ماریو دراغی نے کہا ہے کہ ہم بتدریج اقدامات کرنے جارہے ہیں.

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں ماسک پہننے سے پریشان افراد کیلئے خوشخبری، حکومت نے نوید سنادی

خیال رہے کہ چند روز قبل اطالوی انڈر سیکریٹری برائے صحت نے کہا تھا کہ جب ہم اٹلی کی آدھی آبادی یعنی 3 کروڑ لوگوں کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگانے کا ہدف حاصل کرلیں گے تو متعدد پابندیاں اٹھا لیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.