اسلام آباد: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے ایک اور اچھی خبر ہے، حکومت نے ملک میں چلنے والے ان کے بینک اکاؤنٹس پر بڑی سہولت دے دی ہے، جس سے ان کی مشکل حل ہوجائے گی، اس حوالے سے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو بھی لیٹر بھیج دیا ہے ،تاکہ وہ پاکستانی کمیونٹیز کو اس سے آگاہ کرسکیں۔
تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے پروگرام کے تحت وزیراعظم عمران خان نے اسٹیٹ بینک کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ ملک کے اندر مختلف بینکوں میں اکاؤنٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو سہولت دے، اور ان کے لئے بائیو میٹرک کی شرط ختم کردی جائے، واضح رہے کہ سندھ میں پی پی پی سربراہ آصف زرداری اور ان کے ساتھیوں سے جڑے جعلی بینک اکاؤنٹس کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد اسٹیٹ بینک نے کھاتیداروں کے لئے بائیو میٹرک تصدیق لازمی کردی تھی، تاکہ کوئی کسی دوسرے کے نام پر بینک اکاوئنٹ نہ کھلوا سکے، بائیو میٹرک شرط سے بینک اکاوئنٹس میں جعلسازی اور بینک عملے کی مدد سے کسی اور کے نام پر اکاؤنٹ کھلوانے کا امکان تو ختم ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ”روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ“ اوورسیز پاکستانیوں میں تیزی سے مقبول، فائدہ اور طریقہ جانئے
تاہم اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مشکل ہوگئی تھی، کیوں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اکاوئنٹ آپریشنل رکھنے کے لئے وطن واپس آکر بائیو میٹرک کر وانا پڑ رہا تھا، دوسری صورت میں بینک ان کے اکاوئنٹس ڈارمنٹ میں ڈال رہے تھے، جن میں پیسے جمع تو کرائے جاسکتے تھے، لیکن نکلوانے پر پابندی ہوتی تھی۔
اس حوالے سے اوورسیز پاکستانیوں نے وزیراعظم پورٹل پر شکایت کی تھی، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کو ہدایت جاری کی گئی۔ اسٹیٹ بینک نے اب اوورسیز پاکستانیوں کو بائیو میٹرک کی شرط سے مستثنیٰ کردیا ہے، اور اس حوالے سے تمام پاکستانی سفارتخانوں کو بھی لیٹر بھیج دیا ہے، تاکہ وہ پاکستانی کمیونٹیز کو اس سے آگاہ کرسکیں، نئی پالیسی کے تحت اب بینک اوورسیز پاکستانیوں کی تصدیق کے لئے بائیو میٹرک کے بجائے نادرا کے ریکارڈ سے از خود تصدیق کریں گے۔ اوورسیز پاکستانی اپنے عزیزوں کے ذریعہ بینک کو اوورسیز پاکستانی کے بیرون ملک قیام کی کوئی دستاویز فراہم کریں گے، جن میں نائیکوپ، ویزا، پاسپورٹ یا ورک پرمٹ وغیرہ شامل ہوسکتا ہے، اور بینک ان دستاویز کا اکاؤنٹ ریکارڈ میں لگا کر اوورسیز پاکستانیوں کو بائیو میٹرک سے مستثنیٰ کردیں گے، پاکستانی تارکین کو بینک سے کسی شکایت کی صورت میں اسٹیٹ بینک کی پورٹل Ops.helpdesk@sbp.org.pk پر رابطے کا مشورہ دیا گیا ہے۔