مدینہ: سرکار دو عالم خاتم النبین محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے شہر مدینہ میں وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور پاکستانی وفد کی جوتے اتار کر آمد اور موجودگی میں سعودی میڈیا نے بھی خصوصی دلچسپی لی، دوسری طرف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اب ری چارج ہوگئے ہیں۔
اور نئے جوش و عزم کے ساتھ واپس جارہے ہیں، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے سابقہ دورے کی طر ح اس بار بھی سرکاردو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے احترام میں ان کے شہر مدینہ میں جوتے نہیں پہنے، اور ائرپورٹ پر اترنے سے لے کر واپس طیارے پر سوار ہونے تک ننگے پاؤں رہے، جن کی تصاویر سعودی میڈیا نے بھی شائع کی ہیں، لیکن اس بار وزیراعظم کے ساتھ گئے پاکستانی وفد کے دیگر ارکان شیخ رشید، شاہ محمود قریشی، ملک امین اسلم ، گورنر سندھ عمران اسماعیل ، گورنر کے پی کے شاہ فرمان ، فیصل جاوید اور علیم خان بھی ننگے پاؤں ہی رہے، اور یوں دونوں جہانوں کے سردار محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اظہار عشق کیا، پاکستانی وفد کے لئے سعودی حکام نے خصوصی انتظامات کئے اور طوافِ کعبہ سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کے وفد کے لیے بیت اللہ کے دروازے کھولے گئے اور انہوں نے خانہ کعبہ کی زیارتِ خاص کی سعادت حاصل کی۔ خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کیے۔
پاکستانیوں سے خطاب
وزیراعظم عمران خان نے جدہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب، پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔
دورہ سے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہو گئے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میڈیا میں مایوسی کی خبریں آتی ہیں لیکن میں اپنی قوم کو خوشخبری سنانا چاہتا ہوں کہ اب وہ پاکستان بنے گا جو ستر سال پہلے بننا چاہیے تھا۔ ہم قائداعظمؒ کے پاکستان کے ٹریک پر واپس آ گئے ہیں۔ مافیا سے آزادی کی جنگ میں تھوڑا وقت لگے گا، تاہم بہت جلد آپ کے سامنے نیا پاکستان ہو گا۔ہماری حکومت تبدیلی کے لیے لڑرہی ہے، اسے اب کوئی نہیں روک سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آج بڑا خوش ہوں۔ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اس کے علاوہ روضہ رسولﷺ اور خانہ کعبہ کے اندر جانے کا موقع ملا۔ بیٹری ری چارج ہو گئی ہے۔ اب نئے پاکستان کی سوچ کو آگے لے کر چلیں گے۔ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ پوری دنیا میں کرونا کی وجہ سے معیشت متاثر ہوئی۔ لیکن ہماری معیشت اللہ کا شکر ہے کہ اس کے باوجود مضبوط ہورہی ہے،